بھارتی ریاست کرناٹک میں 45 سالہ اینستھیزیا ماہر ڈاکٹر کَرن ہونناور اپنے فلیٹ میں مردہ پائے گئے جبکہ ان کے 8 سالہ بیٹے کو زخمی حالت میں برآمد کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چاقو سے متعدد وار سے زخمی ہونے والے بچے کو اسپتال منتقل جبکہ مقتول کی اہلیہ، ماہرِ امراضِ چشم ڈاکٹر پریانکا کو پوچھ گچھ کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعے کے وقت گھر میں صرف میاں، بیوی اور ان کا بیٹا موجود تھا، رہائشی عمارت انتہائی محفوظ ہے اور فی الحال کسی بیرونی شخص کے داخل ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ڈاکٹر کَرن کے اہلِ خانہ ان سے رابطہ نہ ہونے پر فلیٹ پہنچے۔
اہلِ خانہ کے مطابق ڈاکٹر پریانکا نے پہلے بتایا کہ وہ آرام کر رہے ہیں اور بعد میں کہا کہ وہ باہر گئے ہیں، شام تک رابطہ نہ ہونے پر رشتے دار گھر کے اندر گھس گئے جہاں ڈاکٹر کَرن کو خون میں لت پت مردہ حالت میں پایا جبکہ بچہ زخمی حالت میں فرش پر پڑا تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹر پریانکا شدید ذہنی صدمے میں ہیں اور متضاد بیانات دے رہی ہیں۔
پولیس ڈاکٹر پریانکا کے بیان کی جانچ کر رہی ہے اور دونوں خاندانوں سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ واقعے کے محرکات معلوم کیے جا سکیں۔
تحقیقات کے مطابق مقتول ایک کمرے میں مردہ ملے جبکہ زخمی بچہ دوسرے کمرے میں موجود تھا۔
پولیس ابھی تک واقعے کی مکمل ترتیب کا بھی تعین نہیں کر سکی ہے، اپارٹمنٹ کے سی سی ٹی وی ریکارڈ بھی کھنگالے جا رہے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور مزید تحقیقات کے بعد قتل کی اصل وجہ اور حالات واضح ہو سکیں گے۔
اگرچہ مقتول کے بعض رشتے داروں نے ڈاکٹر پریانکا پر قتل کا الزام عائد کیا ہے تاہم پولیس نے ابھی تک ان کے ملوث ہونے کی تصدیق نہیں کی اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں۔
ابتدائی طور پر واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی محرکات تاحال سامنے نہیں آئے۔