ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سے حج آپریشن جاری، تیسری حج پرواز پی کے 2527 گزشتہ روز ایک بچے سمیت 330 عازمین حج کو لے کر حجاز مقدس کے لئے روانہ ہو گئی۔ ملتان سے براہ راست مدینہ منورہ کے لئے اس حج پرواز کو علیٰ الصبح ساڑھے پانچ بجے روانہ کیا گیا۔ ریڈایبل پاسپورٹ نہ ہونے کی وجہ 15 اگست کو دوسری حج پرواز سے ڈراپ ہونے والے ملتان کے میاں بیوی بھی تیسری حج پرواز کے ذریعے حجاز مقدس روانہ ہو گئے ۔ واضح رہے کہ سرکاری سکیم کے تحت جنوبی پنجاب سے 6194 افراد فریضہ حج ادا کریں گے جن میں سے 5477 ملتان ایئرپورٹ جبکہ 717 افراد رحیم یار خان سے سعودی عرب کے لئے روانہ ہوں گے۔ پری حج آپریشن کے تحت ملتان سے 19 حج پروازیں چلائی جائیں گی، حج پروازوں کی روانگی کا سلسلہ 2 ستمبر تک جاری رہے گا جبکہ رحیم یار خان سے پری حج آپریشن کے تحت 5 حج پروزیں چلائی جائیں گی، رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 23 اگست جبکہ آخری حج پرواز 30 اگست کو روانہ ہو گی۔ دریں اثناء شیڈول کے مطابق ملتان سے چوتھی حج پرواز پی کے 2105 آج صبح ساڑھے پانچ بجے 329 عازمین حج کو لے کر براہ راست مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوگی۔ دریں اثنا حج آپریشن کے دوران ملتان سے اہل تشیع کے لئے ایک مخصوص حج پرواز آج چلائی جائے گی۔ ملتان ائیرپورٹ سے آج صبح مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہونے والی حج پرواز پی کے 2105کو صرف اہل تشیع کے لئے مخصوص کیا گیا ہے۔ اسی طرح پوسٹ حج آپریشن کے دوران بھی 30 ستمبر کو جدہ سے ملتان آنے والی حج پرواز پی کے 3128 کے ذریعے بھی اہل تشیع حجاج کرام واپس لایا جائے گا۔ حج ڈائریکٹوریٹ ملتان کے مطابق وزارت مذہبی امور نے یہ فیصلہ محرم الحرام کے باعث کیا ہے تاکہ اہل تشیع حجاج کرام بروقت واپس آکر ایام عزاء منا سکیں۔