ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکی حملوں سے جاں بحق ہونے والے افراد کا خون رائیگاں جانے نہیں دیں گے۔
جاری کیے گے بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ آخری سانس تک وطن کا دفاع کیا جائے گا۔
ادھر ایران نے ہرمزگان صوبے پر امریکی حملوں میں جاں بحق ہونے والے 8 شہریوں کی تصاویر جاری کر دیں، شہداء میں 4 خواتین اور 2 معذور بھائیوں سمیت 4 مرد شامل ہیں۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے بھی بندر خمیر میں امریکی حملے سے جاں بحق ہونے والے 3 شہریوں کی تصاویر جاری کر دیں۔
عباس عراقچی نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ یہ تینوں معصوم دیہاتی بندر خمیر پُل سے گزر رہے تھے جب انہیں نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق گزشتہ رات امریکی حملوں میں ایران کے شہر جسک میں بجلی کی تنصیبات، ڈی سیلینیشن پلانٹ پمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ امریکا نے حالیہ دنوں میں ایران میں کئی پلوں اور دیگر انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے جس میں جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔