پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ معرکہ حق سے متعلق نورین نیازی کا بیان قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیانات کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔
اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ معرکہ حق ایک تاریخی کامیابی ہے، معرکہ حق میں پاکستان کی فتح کو دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بارہا پاکستان کی فتح کا ذکر کیا، معرکہ حق میں پاکستان کی فتح نے پوری دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ نورین نیازی کا بیان پاکستان کی سالمیت، عزت اور وقار کے منافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی پاکستان مخالف بیانات کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔ بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ کے بیان پر افسوس ہوا۔ پوری ان کے بیان کی مذمت کرتی ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اپنے بیان میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے خاندان کا ہدف پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ نورین نیازی کا بیان انتہائی افسوسناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور خاندان کے بچوں کی پرورش ہو یا فنڈنگ، بیانیہ پاکستان مخالف ہے۔ نورین نیازی کے بیان سے ثابت ہوا کہ یہ پاکستان کے خلاف پراکیسز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ لابی پاکستان کی معیشت پر بھی حملہ آور ہوئی۔ ان کا ہدف صرف ادارے نہیں بلکہ پاکستان ہے۔ پی ٹی آئی نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے ہر جتن کیے۔ پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف کو خط لکھے اور مالیاتی ادارے کے باہر مظاہرے کیے۔
طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی فیملی پاکستان کو کمزور کرنے کے درپے ہے۔ اسرائیل اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے باوجود پاکستان کی فتح نے مسلمانوں کا سرفخر سے بلند کردیا۔