پاکستانی معروف اداکارہ، میزبان، کامیڈین، مصنفہ بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ سابق شوہر اقبال انصاری میری شہرت کو برداشت نہیں کر پاتے تھے۔
حال ہی میں بشریٰ انصاری نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے سابق شوہر اقبال انصاری سے طلاق کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
اپنے طلاق کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں ان کے بارے میں زیادہ بات نہیں کرتی کیونکہ وہ نہایت ذہین انسان اور بہترین ہدایت کار تھے، آپ نے یقیناً سنا ہو گا کہ وہ پی ٹی وی کے بہترین ڈائریکٹرز میں شمار ہوتے تھے، تاہم ان کی طبیعت میں غصہ اور کئی دیگر مسائل بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندانی پسِ منظر ایک دوسرے سے بہت مختلف تھا، ہمارے ہاں محبت اور اپنائیت کا اظہار کھل کر کیا جاتا ہے، جبکہ وہ ایسے نہیں تھے، اس کے علاوہ بھی کئی معاملات تھے، انسانوں میں عدم تحفظ اور احساسِ کمتری پیدا ہو جاتی ہے اور یہ صرف ہمارے ساتھ نہیں بلکہ ہر کسی کے ساتھ ہوتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک معروف اور کامیاب خاتون کے ساتھ زندگی گزارنا آسان نہیں ہوتا، اسی موضوع پر میں نے پاکیزہ کے نام سے ایک ڈرامہ بھی لکھا تھا، جس میں آمنہ شیخ نے مرکزی کردار ادا کیا۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ میں ایک بات ہمیشہ دہراتی ہوں کہ لوگ لازماً برے نہیں ہوتے بلکہ مختلف ہوتے ہیں، ہر شخص اپنی اندرونی کشمکش سے گزر رہا ہوتا ہے، مردوں کی بھی اپنی جدوجہد ہوتی ہے اور بعض اوقات وہ خود بھی نہیں جانتے کہ انہیں کیا کرنا چاہیے۔
طلاق کے فیصلے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گی کہ میرا فیصلہ بہت اچھا یا انتہائی دانشمندانہ تھا اور نہ ہی میں خود کو بہت ذہین سمجھتی ہوں، بعض اوقات انسان اپنی زندگی کے مسائل سے بھاگ جانا چاہتا ہے اور میں بھی اسی کیفیت میں تھی، مجھے نہیں معلوم معاملات اس نہج پر کیسے پہنچے لیکن آخرکار ہماری طلاق ہو گئی۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارا خاندان ایسا نہیں تھا جہاں والدین یہ کہتے کہ چاہے جتنا بھی ظلم ہو، شادی ہر حال میں نبھانی ہے، میرے والد ہمیشہ کہتے تھے کہ نہ کسی پر ظلم کرو اور نہ ظلم برداشت کرو، وہ مجھ سے ناراض ہوتے تھے اور پوچھتے تھے کہ میں نے اتنے برس یہ سب کیوں برداشت کیا؟
انہوں نے کہا کہ کئی مرتبہ انسان طلاق کا فیصلہ اس لیے بھی نہیں کرتا کہ اسے اپنے مستقبل کا کوئی واضح سہارا نظر نہیں آتا، میں بھی یہی سوچتی تھی کہ اگر سامنے والا معافی مانگ رہا ہے تو ایک اور موقع دے کر بات کر لینی چاہیے۔
بشریٰ انصاری نے سابق شوہر کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اقبال انصاری ایک اچھے والد ہیں، وہ اب بھی بچوں کا بھرپور خیال رکھتے ہیں، ابتداء میں بچوں کی تمام ذمے داریاں میرے کندھوں پر تھیں، ڈائپر تبدیل کرنے سے لے کر ابتدائی پرورش تک ساری محنت میں نے کی، اب وہ ہماری بیٹیوں اور نواسے نواسیوں کے بہت قریب ہیں۔