• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روس کے کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے شدید حملے

کیف( اے ایف پی)روس کے کیف پر بیلسٹک میزائلوں سے شدید حملے،تفصیلات کے مطابق روس نے یوکرین کے ڈرون حملے کا جواب بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کر کے دیا ہے۔ اتوار کے روز تقریباً 5 گھنٹوں تک جاری رہنے والے شدید فضائی حملے میں ایک شخص ہلاک جبکہ 16 زخمی ہو گئے ہیں۔ حملے کی وجہ سے شہر کے کئی حصوں میں آگ لگ گئی اور عمارتوں کو کافی نقصان پہنچا۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کو اب تک کے بڑے حملوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر تباہی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ روس نے کیف پر تقریباً 40 میزائلیں داغیں اور 120 ڈرون حملے کیے، یوکرینی حکام کے مطابق روس نے کیف پر تقریباً 40 اسکندر-ایم اور ہائپرسونک زرکون میزائل داغے،کیف کے تاریخی مرکز میں واقع متعدد مکانات شدید دھماکوں سے لرز اٹھے اور سڑکوں پر کھڑی گاڑیوں کے الارم بجنے لگے، حکام کے مطابق ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں درجنوں میزائل شہر پر گرے،حملے میں وسطی کیف کے شیوچینکیوسکی ضلع کی 3 منزلہ عمارت میں بھی شدید آگ بھڑک اٹھی۔امدادی ٹیموں نے ملبے میں پھنسے کئی افراد کو بحفاظت باہر نکالا، جبکہ ایک شخص کی لاش برآمد کی گئی۔ اس کے علاوہ شہر کے 4 دیگر علاقوں میں بھی دفاتر، رہائشی عمارتوں اور ایک طلبہ کے ہاسٹل میں آگ لگنے کے واقعات پیش آئے۔ حملے کے دوران لوکیانیوسکا میٹرو اسٹیشن میں پناہ لینے والے افراد نے ویڈیوز شیئر کیں، جن میں ایک طاقتور دھماکے کی وجہ سے اسٹیشن کے داخلی حصے کی چھت کا ایک حصہ گرتا ہوا نظر آیا۔ سیکورٹی وجوہات کی بنا پر اسٹیشن کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

دنیا بھر سے سے مزید