کراچی (نیوز ڈیسک) نیویارک کے ’لٹل فلسطین‘ میں ورلڈ کپ فائنل سے قبل اسپین کے حق میں جوش و خروش، عرب نژاد امریکی اکثریت فلسطین سے یکجہتی کی وجہ سے اسپین کی حامی، فلسطینی کاروباری مراکز پر ورلڈ کپ کا منفرد ماحول بنا ہوا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق امریکہ کے شہر نیویارک کے بروکلین علاقے "لٹل فلسطین" میں فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل عرب نژاد امریکیوں کی بڑی تعداد اسپین کی حمایت میں نظر آئی۔ مقامی فلسطینی اور عرب رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اسپین کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے اور غزہ جنگ کے دوران فلسطینیوں کے حق میں مؤقف اختیار کرنے کے باعث کمیونٹی کی اکثریت اسپین کو پسندیدہ ٹیم سمجھتی ہے۔ علاقے کے ریستورانوں، بیکریوں اور کیفے میں فلسطینی پرچموں کے ساتھ ورلڈ کپ کا جوش نمایاں ہے، جبکہ مختلف عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے پورے ٹورنامنٹ میں ایک دوسرے کی ٹیموں کی بھرپور حمایت کی۔