• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی شہری کو سنگاپور میں ڈیڑھ لاکھ ڈالرز کا ہیرا چوری کرنے پر 2 سال قید کی سزا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

سنگاپور کی ایک عدالت نے بھارتی شہری منگرولیا منوج کمار کرجی بھائی کو تقریباً 154,000 امریکی ڈالر مالیت کا ہیرا چوری کرنے کے جرم میں 2 سال، 2 ماہ اور 2 ہفتے قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق ملزمان، 42 سالہ منگرولیا اور اس کے 30 سالہ دوست سیراسیہ میلان رام نیک بھائی نے بھارت کے شہر سورت میں اصل ہیرے جیسا جعلی ہیرا تیار کروایا جس کا سائز اور سیریل نمبر بھی اصل سے ملتا تھا۔ 

دونوں 19 جون 2026ء کو سنگاپور پہنچے اور چائنا ٹاؤن میں واقع زیورات کی دکان سے 4.95 قیراط کا ہیرا چوری کرنے کا منصوبہ بنایا۔

منوج کمار نے دکان کے سیلز منیجر کو مختلف زیورات دکھانے کے بہانے مصروف رکھا جبکہ اس کے ساتھی نے منہ میں چھپایا گیا جعلی ہیرا نکال کر اصل ہیرے سے تبدیل کر دیا اور اصلی ہیرا اپنے منہ میں چھپا لیا۔ 

یہ چوری سی سی ٹی وی کیمروں میں ریکارڈ ہو گئی تھی۔

ملزمان دکان سے نکلنے کے بعد ہوٹل واپس گئے، وقت سے پہلے کمرہ خالی کیا اور اسی شام بھارت روانہ ہونے کے لیے پرواز بک کر لی تاہم چانگی ہوائی اڈے کے ٹرمینل پر امیگریشن کلیئرنس کے دوران انہیں گرفتار اور اصلی ہیرا ملزم کے بیگ سے برآمد کر لیا گیا۔

استغاثہ نے عدالت کو بتایا کہ دونوں ملزمان صرف جرم کی نیت سے سنگاپور آئے تھے، منصوبہ پہلے سے تیار تھا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے باقاعدہ حکمت عملی اختیار کی گئی تھی۔ 

سزا میں نرمی کی درخواست کرتے ہوئے منوج کمار نے عدالت کو بتایا ہے کہ اس کے بھارت میں 2 بچے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم منگرولیا اور سیراسیہ کے خلاف مقدمے کی سماعت اب جمعہ کو ہوگی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید