• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شبانہ اعظمی نے کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ بتادی

کاکروچ جنتا پارٹی کے نئی دہلی میں ہونے والے احتجاج کی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد شبانہ اعظمی نے انکشاف کیا ہے کہ آنسو گیس کی وجہ سے انہیں دمے کا دورہ پڑا تھا۔

گذشتہ روز احتجاج کے دوران سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی بظاہر بیمار دکھائی دے رہی تھیں۔ ایک حالیہ انٹرویو میں شبانہ اعظمی نے اس بات کی تصدیق کی اور بتایا کہ اس واقعے کے بعد انہیں قریب ہی واقع ایک عمارت میں پہنچایا گیا تھا۔

ایک بھارتی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے کہا کہ میں دمے کی مریض ہوں اور آنسو گیس کی وجہ سے مجھے دورہ پڑ گیا تھا، لیکن میرے پاس میرا انہیلر موجود تھا اس لیے اب میں ٹھیک ہوں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ مجھے احترام کے ساتھ قریب ہی ایک عمارت میں لے جایا گیا اور جب میری سانس بحال ہوئی تو میں فوراً واپس آئی اور ان طلباء سے بات کی جن پر لاٹھی چارج کیا گیا تھا۔ ان کا جذبہ بے مثال ہے۔ ان تمام کو میرا سلام۔

سی جے پی اور سونم وانگچک کی حمایت کے بارے میں مزید بات کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے کہا کہ میں نے کبھی کسی سیاسی پارٹی سے تعلق نہیں رکھا اور نہ ہی کبھی رکھوں گی۔ میرا ماننا ہے کہ سیاسی پارٹی آپ پر پابندیاں عائد کر دیتی ہے کیونکہ پھر پارٹی کا سچ ہی آپ کا سچ بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں جنتر منتر پر ان طلباء کے ساتھ یکجہتی کے لیے آئی تھی جو 20 دن سے زائد عرصے سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور جن کی طبیعت اب بگڑ رہی ہے۔

شبانہ اعظمی نئی دہلی میں ہونے والے ان احتجاجی مظاہروں کی حمایت میں مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی انہوں نے اس بات پر زور دیا تھا کہ پرامن احتجاج ایک آئینی حق ہے اور حکام پر زور دیا تھا کہ وہ طلباء کے تحفظات کو سنیں۔

واضح رہے کہ شبانہ اعظمی کے علاوہ اداکار رتیش دیش مکھ، پریتی زینٹا، پرکاش راج اور سونو سود سمیت کئی دیگر بالی ووڈ شخصیات بھی سی جے پی کی حمایت میں سامنے آئی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید