لاہور ہائی کورٹ نے دو افراد کو حبس بے جا میں رکھنے کے کیس میں ایس ایچ او بھکھی شیخوپورہ کی سرزنش کی ہے۔ عدالت نے دونوں افراد کو 22 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں ولایت بی بی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ بیٹے کے قتل کا مقدمہ درج کرانے پر دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
ایس ایچ او نے مخالفین سے ساز باز کر کے ان کے دو بیٹوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر لیے، مدعی نے حق میں بیان دیا ،اس کے باوجود پولیس دونوں بیٹوں کو نہیں چھوڑ رہی۔
فاضل عدالت نے ایس ایچ او بھکھی کی سرزنش کرتے ہوئے کہا، جب مدعیوں نے حق میں بیان دیا ہے تو دونوں افراد کو کیوں نہیں چھوڑ رہے۔ عدالت نے ڈی پی او شیخوپورہ کو حکم دیا کہ دونوں افراد کو بائیس اگست کو پیش کیا جائے۔