ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوگئے۔
دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے میانوالی میں حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی آبادی میں داخل ہو گیا۔
دوسری جانب دریائے راوی پر نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے جبکہ دادو میں گاج ندی میں طغیانی سے 10 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا۔
تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، یہاں دو روز میں 150 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
ادھر گلگت بلتستان میں چلاس شہر اور گردونواح میں بھی بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔
استور ویلی روڈ گزشتہ 6 روز سے بند ہے جس سے اشیائے خوردونوش کی قلت پیدا ہونے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج سندھ اور جنوبی پنجاب کے بعض علاقوں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔