ریاض (شاہد نعیم) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026میں سعودی عرب کی مجموعی اشیائے برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی مہینے کے مقابلے میں3اعشاریہ9فیصد اضافہ ہوا۔ برآمدات کی مالیت تقریباً 93اعشاریہ78ارب ریال تک پہنچ گئی جبکہ مئی 2025میں یہ حجم تقریباً 90اعشاریہ29 ارب ریال تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 میں تیل کی برآمدات میں 19اعشاریہ5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ تقریباً 70اعشاریہ89 ارب ریال تک پہنچ گئیں، جبکہ گزشتہ سال مئی میں یہ تقریباً 59اعشاریہ33 ارب ریال تھیں۔ دوسری جانب غیر تیل برآمدات (بشمول دوبارہ برآمدات) میں سالانہ بنیاد پر 26اعشاریہ1 فیصد کمی ہوئی۔ غیر تیل قومی برآمدات (دوبارہ برآمدات کے بغیر) بھی 27 اعشاریہ3 فیصد کم ہو کر 13اعشاریہ03 ارب ریال رہ گئیں۔جبکہ دوبارہ برآمد کی جانے والی اشیا کی مالیت 24اعشاریہ4 فیصد کم ہو کر 9اعشاریہ85 ارب ریال ہو گئی۔ اس کمی کی بڑی وجہ مشینری، آلات، برقی سامان اور انکے پرزوں کی برآمدات میں 32اعشاریہ4 فیصد کمی رہی، جو دوبارہ برآمدات کے کل حجم کا 46اعشاریہ2 فیصد بنتی ہیں۔ مجموعی برآمدات میں تیل کی برآمدات کا حصہ بھی بڑھ گیا۔ مئی 2025 میں یہ شرح 65اعشاریہ7 فیصد تھی، جو مئی 2026 میں بڑھ کر 75اعشاریہ6 فیصد ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق مئی 2026 میں سعودی عرب کی درآمدات میں 19اعشاریہ5 فیصد کمی ہوئی اور یہ تقریباً 67اعشاریہ7 ارب ریال رہ گئیں، جبکہ مئی 2025 میں درآمدات کا حجم 84اعشاریہ22 ارب ریال تھا۔ اس کے نتیجے میں سعودی عرب کے تجارتی توازن کے اضافی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا۔