متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ کشیدگی بڑھانے کے بیانات متحدہ کے علاوہ دیگر جماعتوں سے آرہے ہیں۔
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی کے دفتر میں نثار کھوڑو کی زیر قیادت پیپلز پارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ سندھ میں چھ انتظامی یونٹ بنانے کی گنجائش موجود ہے۔
انھوں نے کہا کہ 18 سال سے پیپلز پارٹی صوبے کا انتظام نہیں چلا پا رہی، اجارہ داری کرنے والے چار صوبوں کو ختم ہونا چاہیے، وزیر اعظم صوبے اور انتظامی یونٹ سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔
فاروق ستارنے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں سیکیورٹی اداروں کو بھی بلایا جائے، صوبوں کے لفظ سے مسئلہ ہو رہا ہے تو اسے انتظامی یونٹ سمجھ لیں۔
انھوں نے کہا کہ آج کئی سال کے بعد پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم سے ملا ہے، ریلی ملتوی کرنا انا کا مسئلہ نہیں ہے۔
فاروق ستار نے کہا جلد ریفرنڈم کا ملک بھر انقعاد ہونے والا ہے، پیپلز پارٹی کو بتایا کہ 29 نومبر کو ریلی نہ نکالنے پر مشورہ کیا جائے گا۔
اس سے قبل پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ ملک اور شہر میں امن و امان برقرار رہے۔