کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی نژاد انگلش باکسر عامر خان نے صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر سے ان کے گھر پر ملاقات کی۔ معروف باکسر عامرخان نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پاکستان اور خاص طور پر لیاری میں باکسنگ کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے مگرسہولتیں نہ ہونے کے سبب یہ ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے۔ اگر حکومتی سطح پر اس کھیل کی سرپرستی کی جائے تو پاکستان میں بڑے باکسر پیدا ہوسکتے ہیں جو دنیا میں کے بڑے بڑے ایونٹ میں شرکت کے اہل ہو سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے عامر خان کو یقین دلایا کہ وہ باکسنگ کے فروغ کے لئے ہر سطح پر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہمارے پلان میں ایک باکسنگ اکیڈمی بھی ہے اس کے علاوہ ہم اسکول اور کالج کی سطح پر بھی باکسنگ کو فروغ دینے کے لئے عملی اقدامات کررہے ہیں تاکہ مستقبل میں اسکول و کالج سے ابھر کر سامنے آنے والے یہ بچے بین الصوبائی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ بعد ازاں صوبائی وزیر کھیل محمد بخش مہر نے باکسر عامر خان کو خیر سگالی جذبہ کے تحت سندھ کی روائتی اجرک اور ٹوپی کاتحفہ بھی پیش کیا۔ علاوہ ازیں عامر خان جمعے کو اسلام آباد میں ابھرتے ہوئے نوجوان باکسرز کی کوچنگ کرینگے۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر نیشنل فیڈریشنز و ایڈمن اعظم ڈار کے مطابق پاکستان اسپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں عامر خان سے منسوب باکسنگ اکیڈمی میں 19اگست کو باکسنگ کا خصوصی ایونٹ منعقد کیا جائے گا جس میں شہر ہ آفاق باکسر عامر خان قومی باکسرز کو تربیت دینگے۔