لیڈز (پ ر) انڈین میڈیا میں گلگت بلتستان میں علیحدگی کی تحریک، عوامی ورکرز پارٹی اور بابا جان سے متعلق رپورٹ شائع ہونا بے بنیاد اور جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ بابا جان علیحدگی پسند قوم پرست نہیں بلکہ سوشلسٹ ہیں۔ عوامی ورکرز پارٹی ملک کو توڑنا نہیں بلکہ ملک سے استحصال کا خاتمہ کرکے سماجی انصاف اور برابری کی بنیاد پر ریاست کی تشکیل نو چاہتی ہے جس میں ریاست ماں جیسی ہو اور سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرے۔ عوامی ورکرز پارٹی برطانیہ کے رہنمائوں پرویز فتح، پروفیسر محسن ذوالفقار، احمد نظامی، لالہ محمد یونس اور رشید احمد سرابھا نے اپنے مشترکہ بیان میں بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی میڈیا کے اداروں اور صحافتی تنظیموں سے ان بے بنیاد اور جھوٹی رپورٹوں کی تحقیقات کروانے اور صحافتی اقدار کی پاسداری کا مطالبہ کیا ہے۔ رہنمائوں نے کہا کہ بابا جان عوامی ورکرز پارٹی کے مرکزی رہنما ہیں، وہ ایک سچے سوشلسٹ ہیں اور سوشلسٹ اپنے دیش اور اس کی مٹی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں، وہ مساوات اور سماجی انصاف پر مبنی ایک مستحکم ریاست کے قیام کےلئے کوشاں ہیں جو علیحدگی نہیں بلکہ استحکام کی ضمانت ہوتی ہے، جہاں بلا امتیاز رنگ، نسل، مذہب اور علاقہ کے سب انسانوں کو برابری ملتی ہے۔ بھارتی میڈیا میں چھپنے والی رپورٹ میں بابا جان کی الیکشن مہم کے سلسلہ میں ہونے والی ایک بڑی ریلی کو بنیاد بنایا گیا ہے اور اسے علیحدگی کی تحریک میں ابھار ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ یہ ریلی 25مئی کو ہنزہ میں منعقد ہوئی تھی۔ یہ رپورٹ سب سے پہلے بھارت کے ایشین نیوز انٹرنیشنل ایجنسی نے 13اگست کو نشر کی جسے بعدازاں ہندوستان ٹائم اور دیگر میڈیا نے پروپیگنڈے کے طور پر استعمال کرنا شروع کردیا اور بابا جان کی الیکشن کمپین کی عالیشان ریلی کی ویڈیو جو ایک مقامی طالب علم رہنما نے سوشل میڈیا پر جاری کی تھی، سے کیپشن لگا کر من گھڑت رپورٹیں بنانا شروع کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلی میں نہ تو کوئی پاکستان مخالف نعرہ لگا اور نہ ہی آزادی یا علیحدگی کا، یہ ویڈیو اب بھی سوشل میڈیا پر موجود ہے، ہاں اس ریلی میں جھوٹے مقدمات کی واپسی، دہشت گردی کے خاتمہ اور موجودہ کرپٹ مافیا و جاگیردارانہ نظام کے خلاف نعرے لگے تھے۔ انہوں نے بھارتی میڈیا کے اداروں، تنظیموں اور صحافتی تنظیموں سے مطالبہ کیا اس جھوٹی خبر کی تحقیقات کرکے اس کی تردید نشر کی جائے اور غلط خبر پر معافی مانگی جائے جو ہندوستان کی حکومت اپنے روایتی پروپیگنڈے کےہتھیار کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ورکرز پارٹی پاکستان بشمول گلگت بلتستان کے عوامی کے سیاسی سماجی اور معاشی حقوق کے لئے پرامن جدوجہد کو جاری رکھے گی۔ ہم ہندوستان اور پاکستان دونوں ممالک کی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گلگت بلتستان، بلوچستان، کشمیر اور ان ممالک کے دیگر حصوں میں سماجی انصاف کے لئے جاری جدوجہد کو پروپیگنڈے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بند کریں اور ان حصوں میں انسانی حقوق کی صورت حال بہتر بنائیں۔