اسلام آباد (مہتاب حیدر/خالد مصطفیٰ) تاخیر کا شکار کراچی آبی منصوبہ، حکومت نے نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری دے دی، 12 سال میں کے فور منصوبے کی لاگت 25 ارب سے بڑھ کر 172 ارب روپے تک پہنچ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وقت اور لاگت میں تاخیر کی ایک اور کلاسک مثال کے طور پر، حکومت نے طویل عرصے سے تاخیر کا شکار گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم (کے فور) کی نظرثانی شدہ لاگت کی منظوری دے دی ہے، جو کہ 171.814 ارب روپے بنتی ہے۔ تقریباً 12 سال پہلے اس منصوبے کی ابتدائی لاگت 25 ارب روپے تخمینہ لگائی گئی تھی، جو اب بڑھ کر 172 ارب روپے تک پہنچ گئی ہے۔ کراچی کی اہم گریٹر واٹر سپلائی اسکیم (کے فور) کو شدید دھچکے لگے ہیں کیونکہ گزشتہ کئی سالوں کے دوران اس کا 12 سے زائد بار ڈیزائن تبدیل کیا گیا، لیکن یہ کبھی مکمل نہیں ہو سکی۔ یہ منصوبہ گہرے اور دیرینہ تاخیر، انتظامی رکاوٹوں، اور ناکافی وسائل کے انضمام کا شکار ہے، جس کی وجہ سے اس بڑے شہر کی آبادی شدید پانی کی قلت کا سامنا کرنے اور واٹر ٹینکر مافیا کے رحم و کرم پر رہنے پر مجبور ہے۔