گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ)ایف بی آر کی ریکوری ٹیم اور دکانداروں کے درمیان گالم گلوچ، تھپڑوں مکوں کا تبادلہ،دکانداروں نے ایف بی آر ٹیم کو دکان میں بند کردیا جنہیں پولیس نے رہا کیا، ایف بی آر کی ٹیم نے ڈپٹی کمشنر تنویر اقبال، اسسٹنٹ کمشنرطارق محمود اور آڈیٹر محمد اظہرکی قیادت میں سیٹلائٹ ٹاؤن مارکیٹ، حاجی پورہ اور ریل بازار میں سلک ایمپوریم کے نام سے کپڑے کی تین بڑی دکانوں پر اچانک کارروائی کی اور ان کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا، ریل بازار میں سلک ایمپوریم میں ایف بی آر کی ٹیم کا دکانداراور اس کے سیلزمینوں کے ساتھ جھگڑا ہوگیا جس پر سیلزمینوں نے آڈیٹر سمیت پانچ اہلکاروں کے ساتھ مارپیٹ کی اور انہیں دکان میں محبوس کردیا، ایف بی آرحکام کا کہنا ہے کہ ان کے اہلکار زخمی ہوئے ، دکانداروں کیخلاف اقدام قتل اور کارسرکار میں مزاحمت کا مقدمہ درج کروایا جائیگا،دکانداروں ملک بابر وغیرہ نے الزام لگایا کہ ایف بی آر ٹیم نے دکانداروں کے ساتھ زیادتی کی، ریکارڈ قبضے میں لینے کی کوشش میں سیلزمینوں کو تھپڑ مارے اور زدوکوب کیا۔