ملتان (سٹاف رپورٹر) ملتان سے حج آپریشن جاری ہے، اب تک 4 حج پروازوں کے ذریعے 959 عازمین حج کو حجاز مقدس روانہ کر دیا گیا ، حج آپریشن کے تحت چوتھی حج پرواز پی کے 2105 کے ذریعے 329 عازمین حج کو گزشتہ صبح ساڑھے چھ بجے براہ راست مدینہ منورہ کے لئے روانہ کیا گیا ، 21 اگست سے ملتان سے حج پروازیں براہ راست جدہ کے لئے روانہ کی جائیں گی، پانچویں حج پرواز کے عازمین کو پاسپورٹ اور ٹکٹیں آج حج ڈائریکٹوریٹ ملتان میں دی جائیں گی،ادھر وزارت مذہبی امور کی جانب سے حاجی کیمپ رحیم یار خان میں ویکسی نیشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے،گزشتہ روز 350 عازمین حج کی ویکسی نیشن کی گئی۔ واضح رہے کہ رحیم یار خان سے پانچ حج پروازوں پر مشتمل حج آپریشن کا آغاز 23 اگست جبکہ اختتام 30 اگست کو ہو گا، رحیم یار خان سے شروع ہونے والے حج آپریشن کی نگرانی بھی حج ڈائریکٹوریٹ ملتان کرے گا۔