• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرپشن کیخلاف جنگ گلی کوچوںمیں شروع کردی،سراج الحق

لاہور(نمائندہ خصو صی)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے ہم پانامہ لیکس کے معاملے کو 22اگست کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے جارہے ہیں اورگلی کوچوں اور چوراہوں میں عوامی احتجاج کے ساتھ ساتھ کرپشن کے خلاف جماعت اسلامی نے قانونی جنگ کا آغاز بھی کردیا ہے ۔ اس قانونی جنگ کے نتیجے میں آنے والے وقت میں ملکی سیاست میں معاشی دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں رہے گی ۔ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھر پور حصہ لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہماری جنگ کسی فردکے خلاف نہیں یہ جنگ ملک میں جاری کرپشن کے ناسور کے خلاف ہے یہ کرپشن  ہی ہے جس کی وجہ سے ملک کا بچہ بچہ مقروض ہے ۔ انہوں نےکہا زکہ 22اگست سے کرپشن کے خلاف شروع ہونے والی عدالتی جنگ معاشی دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچائے گی  ۔انہوں نے کہا کہ الیکشن ریفارمز کے بغیر انتخابات سیاستدانوں کا کھیل ہونگے ۔عوام پہلے لٹیروں کو ووٹ دیتے اور پھر پانچ سال تک روتے رہتے ہیں ۔ معاشی دہشت گردی مسلح دہشت گردی سے زیادہ خطرناک ہے، معاشی دہشت گردی کی وجہ سے ہی ملک میں مسلح دہشت گردی پروان چڑھی ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ملک سے معاشی دہشت گردی کا خاتمہ ہوجائے تو مسلح دہشت گردی خود بخود ختم ہوجائیگی ۔انہوں نے کہا کرپشن کے خلاف ہماری تحریک اب عوامی تحریک بن چکی ہے اور یہ تحریک انشااللہ اپنے مقاصد ضرور حاصل کرے گی۔   سینیٹر سراج الحق نے پنجاب میں بچوں کے اغوا ءکی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو جان و مال اور عزت کا تحفظ دینا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے۔
تازہ ترین