اسلام آباد (عاصم جاوید، ساجد چوہدری) اسلام آباد ہائی کورٹ نے او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کیخلاف درخواست پر فریقین سے جواب طلب کر لیا جبکہ حکم امتناع کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ او آئی سی کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کی اپنے خلاف مبینہ مالی و انتظامی بے ضابطگیوں سے متعلق انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کے اقدام کیخلاف درخواست کی سماعت جسٹس محمد آصف نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل سعد رسول پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ فریقین کو انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اختیار ہی حاصل نہیں، لہذا انکوائری کمیٹی کی تشکیل سے متعلق نوٹیفکیشن اور آفس آرڈر کالعدم قرار دیا جائے اور درخواست کے فیصلے تک کارروائی روکنے کا حکم دیا جائے۔