ریو اولمپکس کے تیرہویں دن امریکا نے اب تک چار گولڈ میڈلز اپنے نام کرلیے ہیں، مینز ہاکی ایونٹ میں ارجنٹائن نےتاریخی کامیابی حاصل کی ۔
مقابلوں کے 13ویں دن امریکی ایتھلیٹس نے ایک مرتبہ پھر اپنی برتری ثابت کی ہے، اُن کے کھلاڑیوں نے مینز چار سو میٹر ہرڈلز، ویمنز فری اسٹائل ریسلنگ میں گولڈ میڈلز جیتے، مینز شاٹ پٹ میں امریکی ایتھلیٹ ریان کراؤزر نے نئے اولمپک ریکارڈ کے ساتھ سونے کا تمغہ اپنے نام کیا جبکہ امریکا کے ہی ایشٹن ایٹن نے سب سے زیادہ پوائنٹس کے ساتھ ڈیکاتھلون اپنے نام کی اور تیرہوین دن کا چوتھا گولڈ میڈل اپنے ملک کو جتوایا۔
جاپان اور برطانیہ نے دو، دو سونے کے تمغے حاصل کیے ہیںِ، مینز ہاکی ایونٹ میں ارجنٹائن اولمپک کی تاریخ میں پہلی بار گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب رہا ، مقابلوں کے تیرہویں روز 25 گولڈ میڈلز تقسیم کیے جائیں گے جس میں سے 19 کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
ٹیبل پر امریکا 34 گولڈ کے ساتھ سرفہرست ہے، برطانیہ کے 21 طلائی تمغے ہیں جبکہ چین کے گولڈ میڈلز کی تعداد بیس ہوگئی ہے ۔