اسلام آباد (محمد صالح ظافر) نئے سعودی سفیر ڈاکٹر راجح بن تمی البقامی آئندہ ہفتے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ پاک سعودی تعلقات کو مزید وسعت دینا نئے سفیر کا مشن، سابق سفیر نواف المالکی مدت مکمل کرکے ریاض روانہ ہو رہے ہیں۔ سعودی عرب کے پاکستان کے لیے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح بن تمی البقامی آئندہ ہفتے کے اوائل میں اسلام آباد پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ اعلیٰ سطح کے سفارتی ذرائع نے اتوار کی شام دی نیوز اور جنگ کو بتایا کہ نئے سعودی سفیر کو مملکت میں مختلف اہم اور متحرک ذمہ داریاں انجام دینے کا وسیع تجربہ حاصل ہے اور وہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو کئی گنا وسعت دینے کے اہم مشن کے ساتھ پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔ ڈاکٹر راجح بن تمی البقامی نے گزشتہ ماہ جدہ میں سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے سامنے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔ وہ سابق سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جگہ تعینات ہوئے ہیں۔ نواف المالکی تقریباً نو سال تک پاکستان میں سعودی سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کے بعد اب ریاض واپس جا رہے ہیں۔