• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہماری کوششوں پر پانی ڈالا گیا، بانی کا شفا میں علاج ہوجاتا تو بہت اچھا ہوتا، بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔
 بیرسٹر گوہر علی خان(فائل فوٹو)۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقل کرنے کا پلان آخری لمحے میں تبدیل ہوا، اگر ایسا نہ ہوتا تو ہم کافی آگے جاچکے تھے۔

راولپنڈی میں اڈیالہ روڈ داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے مزید کہا کہ ہماری کوششوں پر پانی ڈالا گیا، بانی کا شفا میں علاج ہوجاتا تو بہت اچھا ہوتا، میں مایوس نہیں ہوں، کوششں دوبارہ کروں گا، رابطے نہیں چھوڑا کرتے۔

انھوں نے کہا کہ ابھی تک جتنی بات ہوئی وہ صرف بانی کی صحت کے حوالے سے تھی، میری اور بانی کی ملاقات کی زیرگردش ویڈیو جعلی ہے۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی کی صحت پر سیاست اور بیان بازی نہیں ہونی چاہیے، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد ہونا چاہیے تھا، بانی پی ٹی آئی کا علاج سیدھا معاملہ تھا، جس نے بھی روکا اچھا نہیں کیا، جس نے بھی آخری لمحے پر اسپتال منتقل کرنے کا پلان تبدیل کیا غلط کیا۔ 

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بانی کے حوالے سے ہمیں بھی سیکیورٹی خدشات تھے، حکومت نے ہمیں کبھی نہیں بتایا کہ شفا اسپتال منتقلی پر سیکیورٹی خدشات ہیں۔ 

انھوں نے کہا ہم نے کور اور سیاسی کمیٹی اعلامیہ کے ذریعے واضح کر دیا تھا کہ کوئی شفا اسپتال نہ جائے، بانی کو شفا کے بجائے پمز لے گئے، وہاں بھی وہ علاج نہیں کیا گیا، سپریم کورٹ کے حکم پر آج بھی عمل ہوسکتا ہے، اگر سننے والے سن رہے ہیں۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا سپریم کورٹ میں ہماری پٹیشن پر نمبر لگ گیا ہے، جلد سماعت کی بھی درخواست کی ہے، متحدہ اپوزیشن اب قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرے گی۔

انھوں نے کہا ہم نے سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی نہیں کی، نہ ایسا کہا ہے، بانی کی بہن نے بات ضرور کی جس میں بتایا کہ ان کو پمز لے جایا گیا۔ 

بیرسٹر گوہر نے کہا ہماری توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کی ہے، یہ سول توہین عدالت ہے، بانی سے گزشتہ منگل کو ملاقات پر نورین نیازی خوش تھیں۔

انھوں نے کہا ہمارے لیے بانی کی صحت اور سیکیورٹی اہم ہے، اپوزیشن جماعتوں کا متحد ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے، عدلیہ، الیکشن کمیشن اور صوبائی معاملات پر اصلاحات کی ضرورت ہے۔

قومی خبریں سے مزید