امریکا اور ایران نے نئی جنگ بندی پر اتفاق کرلیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق جنگ بندی میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ نیوی گیشن بھی شامل ہے۔
روسی میڈیا کے مطابق سرکاری طور پر جنگ بندی کا اعلان چند روز میں متوقع ہے، مذاکرات اور تکینکی میٹنگز اس کے بعد ہوں گی۔
جون کے وسط میں دونوں فریقوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے جس کی بنیاد پر امن معاہدہ طے پایا جانا تھا مگر ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوبارہ کشیدگی کا آغاز کردیا گیا تھا۔
پچھلے چند ہفتوں میں امریکا اور ایران کے درمیان نئی جنگ بندی کے لیے ثالثوں کے ذریعے کسی ڈیل پر پہنچنےکی کوشش کی جاتی رہی ہے۔
اسی دوران امریکا کے صدر نے ایران کے خلاف معاشی جنگ کا اعلان کیا تھا اور دنیا کو خبردار کیا تھا کہ ایران کا معاشی گھیرا تنگ کرنے میں امریکا کا ساتھ نہ دینے والے ممالک کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ کے اس اقدام کو ایران نے جنگ میں اعتراف شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرار دیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ امریکا اب جنگ سے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ داخلی بحران سے بچ سکے تاہم اس اقدام سے امریکا کو پہلے سے بھی بڑی شکست ہوگی۔