وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کی مبارک ساعتیں ہر مسلمان کے لیے سعادت کا باعث ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے کائنات کا ذرہ ذرہ مہک اٹھا، آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت عالمِ انسانیت کے لیے اللّٰہ کریم کا سب سے بڑا انعام ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ نے کمزوروں کو معاشرے میں عزت اور وقار کا مقام عطا کیا۔
مریم نواز کے مطابق آپ ﷺ کی ولادتِ باسعادت نے خرافات کے بتوں کو گرایا اور توحید کی شمع روشن کی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت پوری انسانیت کے لیے اللّٰہ تعالیٰ کی عظیم ترین نعمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیرتِ طیبہ ﷺ زندگی کے ہر شعبے میں ہدایت، امن، محبت اور کامیابی کا روشن مینار ہے، نبی کریم ﷺ نے انسانیت کو امن، محبت، برداشت، مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا۔
ملک محمد احمد خان کا کہنا ہے کہ سیرتِ رسول اکرم ﷺ پوری انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے۔