• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی ذمے داری پوری کریگی: وزیر داخلہ محسن نقوی

---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
---تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ٹریننگ سینٹر شب قدر کا دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے اینٹی رائٹ ونگ کی خصوصی تربیتی مشقوں کا معائنہ کیا۔

محسن نقوی نے اینٹی رائٹ ونگ کے اہلکاروں کی مختلف عملی مشقیں دیکھیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جدید تربیت اور آپریشنل تیاری کو سراہا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ اینٹی رائٹ فورس کو جدید خطوط پر تربیت دی گئی ہے، فورس امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مکمل طور پر تیار اور بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے امن و امان اور استحکام کو کسی صورت سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے تاہم قانون نے احتجاج کا طریقہ کار متعین کر رکھا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پرامن احتجاج پر کسی کو اعتراض نہیں، ریاست امن و امان برقرار رکھنے کی اپنی ذمے داری پوری کرے گی جبکہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ موجودہ امن و امان کی صورتِ حال میں فیڈرل کانسٹیبلری کا کردار پورے ملک میں انتہائی اہم ہے، اہلکاروں کو ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہونا ہو گا۔

انہوں نے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ اپنی تربیت بھرپور طریقے سے مکمل کریں اور مکمل پیشہ ورانہ تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں۔

اس موقع پر محسن نقوی نے تمام جوانوں کو گیس ماسک فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ اہلکاروں کو بین الاقوامی معیار کا جدید پروٹیکشن گیئر فراہم کیا جا رہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی ہیڈکوارٹر میں کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی معیار کا سوئمنگ پول بھی بنایا جائے گا۔

محسن نقوی نے ایف سی ہیڈکوارٹر کی بیرکس کا بھی دورہ کیا، اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کیے، انہوں نے تمام واش رومز ازسرِنو تعمیر کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس موقع پر محسن نقوی نے اہلکاروں سے پوچھا کہ گزشتہ دورے میں آپ نے لوڈشیڈنگ کی شکایت کی تھی، اب کیا صورتِ حال ہے؟ اہلکاروں نے بتایا کہ اب لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی اور بلا تعطل بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے ایک اہلکار کی والدہ کے کینسر کے علاج کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔

قومی خبریں سے مزید