• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن بارڈر:قومی پرچم کی بے حرمتی پر پاکستان کا افغان حکومت سے سخت احتجاج

چمن ( آن لائن ) افغان فورسز اور شہریوں کی جانب سے پاکستانی قومی پرچم کی بے حرمتی اور پتھرائو کرنے پر پاکستان نے باب دوستی گیٹ کو بند کر دیا اور قومی پرچم کی بے حرمتی کرنے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعہ کے روز پاکستانی فورسز نے چمن بارڈر پر افغان فورسز اور شہریوں کی جانب سے پتھرائو کرنے اور قومی پرچم کی بے حرمتی کرنے پر باب دوستی گیٹ کو بند کر دیا ہے جس سے دونوں ممالک کے تاجروں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ افغانستان کیلئے نیٹو کنٹینر کی سپلائی بھی غیر معینہ مدت تک معطل کر دی گئی ہے ۔ قومی پرچم کی بے حرمتی کرنے پر پاکستان نے افغان حکومت سے سخت احتجاج کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ دریں اثنا چمن میں باب دوستی پر افغانستان کی حدود میں پاکستان مخالف مظاہرہ  کیاگیا۔بھارت نوازافغانی دھڑوں  نے  پاکستان کےخلاف اشتعال انگیزنعرے بازی کی اور پتھراؤ کر کے دوستی گیٹ کے شیشے توڑ دئیے جبکہ پاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی گئی۔ پاک فورسز نے صبروتحمل کا  مظاہرہ کیا  تاہم "باب دوستی"  کو غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیا  جس سے  سرحدی تجارت اور نیٹو سپلائی سمیت ہر طرح کی آمد ورفت معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق چمن میں گزشتہ روز  بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے  خلاف پاکستانی قبائل کے  احتجاج کے بعد افغانستان  کے یوم آزادی کے سلسلے میں افغان شہریوں نے بھی ویش منڈی  سے ایک ریلی نکالی اور افغان حدود میں باب دوستی کے ساتھ آ کر کھڑے ہوگئے اور آزادی کی ریلی اچانک احتجاج میں بدل دی گئی۔سیکورٹی حکام کا کہنا تھا کہ باب دوستی کو غیر معینہ کیلئے  بند کیا گیا ہے  جب تک افغان حکام اس واقعہ پر معذرت  نہیں کرتے  سرحد بند رہے گی۔
تازہ ترین