جنوبی کوریا کی عدالت نے ویڈیو گیمز کی ارب پتی کاروباری شخصیت کوون ہیوک بن کو طلاق کے تصفیے کے طور پر 2 کھرب وون سے زائد، یعنی تقریباً 1.5 ارب ڈالرز ادا کرنے کا حکم دے دیا، جو ملک میں اب تک کا سب سے بڑا طلاق کا تصفیہ ہے۔
سیؤل فیملی کورٹ نے کوون کو طلاق کی منظوری دیتے ہوئے انہیں اپنی گیمنگ کمپنی اسمایل گیٹ کا 35 فیصد حصہ، جس کی مالیت تقریباً 2.5 کھرب وون ہے اور 65 ارب وون نقد سابق اہلیہ کو منتقل کرنے کا حکم دیا۔
کوون کی سابق اہلیہ کا خاندانی نام لی ہے، انہوں نے نومبر 2022ء میں طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔
انہوں نے اسمایل گیٹ کے قیام اور ابتدائی انتظام میں اپنے کردار کے ساتھ ساتھ گھریلو ذمے داریوں کے ذریعے بالواسطہ تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کوون کے حصص میں سے نصف کا مطالبہ کیا تھا۔
عدالت کے مطابق جوڑے کے درمیان طویل عرصے سے جاری اختلافات اور صلح کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ شادی ناقابلِ اصلاح حد تک ختم ہو چکی ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ شادی ختم ہونے کی ذمے داری دونوں فریقوں پر یکساں ہے، تاہم سابق اہلیہ کی جانب سے ہرجانے کا مطالبہ مسترد کر دیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق کوون نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ میری سابق اہلیہ نہ تو اسمایل گیٹ کی شریک بانی تھیں اور نہ ہی کمپنی کے انتظام میں شامل رہیں، کوون مبینہ طور پر طلاق کے بھی مخالف تھے۔
مقامی میڈیا کے مطابق عدالت نے کوون کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 8 کھرب وون تک لگائی ہے۔
اس سے قبل ایس کے گروپ کے چیئرمین چوئی تے وون اور ان کی سابق اہلیہ رو سو یونگ کے درمیان طلاق کا تصفیہ 944 ارب وون کا تھا، تاہم کوون ہیوک بن کے موجودہ تصفیے کی رقم اس سے کہیں زیادہ ہے اور جنوبی کوریا میں اب تک کی سب سے بڑی طلاق کی رقم بن گئی ہے۔