• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اریجیت سنگھ کا اب مزید فلمی گانے نہ گانے کا اعلان

اریجیت سنگھ—فائل فوٹو
اریجیت سنگھ—فائل فوٹو

گلوکاری کی دنیا سے بڑی خبر سامنے آ گئی، معروف بالی ووڈ گلوکار اریجیت سنگھ نے پلے بیک سنگنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق انسٹاگرام پر مداحوں کو نئے سال کا سرپرائز دیتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ اب بس مزید فلمی گانے نہیں گاؤں گا، موسیقی بنانا نہیں چھوڑوں گا لیکن آزاد فنکار کے طور پر کام جاری رکھوں گا۔

اپنی مدھر آواز سے کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے بھارتی گلوکاری کے بے تاج بادشاہ اریجیت سنگھ نے فلمی گانوں کی دنیا کو خیرباد کہہ کر مداحوں کو حیرت زدہ کر دیا ہے، اریجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک تفصیلی پیغام جاری کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ اب فلموں کے لیے نئے گانے ریکارڈ نہیں کرائیں گے۔

نئے سال کے موقع پر اپنے پیغام میں اریجیت سنگھ نے لکھا ہے کہ تمام سننے والوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے برسوں تک بے پناہ پیار دیا، میں خوشی سے یہ اعلان کر رہا ہوں کہ اب سے میں پلے بیک سنگر کے طور پر کوئی نیا پروجیکٹ قبول نہیں کروں گا، میں اسے یہیں ختم کر رہا ہوں، یہ ایک شاندار سفر رہا جس کے دوران خدا مجھ پر بہت مہربان رہا۔

اریجیت سنگھ نے واضح کیا کہ اگرچہ فلمی گلوکاری چھوڑ رہا ہوں لیکن موسیقی بنانا نہیں چھوڑوں گا، میں اچھی موسیقی کا پرستار ہوں، مستقبل میں ایک چھوٹے سے فنکار کے طور پر اپنے طور پر سیکھنے اور کچھ نیا کرنے کی کوشش کروں گا، میں یہ بات واضح کر دوں کہ میں نے موسیقی بنانا بند نہیں کی، میں صرف پلے بیک سنگنگ سے الگ ہو رہا ہوں۔

گلوکار نے اپنے مداحوں کو تسلی دیتے ہوئے بتایا کہ میرے کچھ پرانے معاہدے اور وعدے ابھی باقی ہیں جنہیں پورا کروں گا، ان وعدوں کی وجہ سے رواں سال کچھ نئے گانے ریلیز ہو سکتے ہیں، لیکن اس کے بعد صرف آزادانہ طور پر اپنے میوزک پر توجہ دوں گا۔

اریجیت سنگھ کے اس اچانک فیصلے نے بھارتی فلم انڈسٹری اور ان کے کروڑوں چاہنے والوں میں اداسی کی لہر دوڑا دی ہے، گانے ’تم ہی ہو‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے اریجیت نے درجنوں بلاک بسٹر فلموں کو اپنی آواز کے ذریعے یادگار بنایا ہے، انڈسٹری کے ماہرین اسے بالی ووڈ کے لیے ایک بڑے نقصان کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم ان کے آزاد موسیقی کے سفر کا بے صبری سے انتظار بھی کیا جا رہا ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید