وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کو 13 سال دھرنا، انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے، وہاں گورنر راج اور ایمرجنسی میں عوام کا نہیں 13سالہ نااہلی کا قصور ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں سے سوال ہے کہ دونوں صوبے ایک ہی ملک میں ہیں، دونوں صوبے ایک ہی آئین اور قومی خزانے کے حصہ دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں؟
مریم نواز نے مزید کہا کہ فرق وسائل کا نہیں، نیت اور اہلیت کا ہے، اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ خیبر پختونخوا میں صفائی نہیں، صرف سیاست ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بچوں کو اسکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ وہاں ترجیح بچے نہیں، دھرنے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں؟