• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای صحت مند اور خیریت سے ہیں: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان — فائل فوٹو
ایرانی صدر مسعود پزشکیان — فائل فوٹو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے بتایا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای مکمل طور پر صحت مند اور خیریت سے ہیں۔

ایرانی صدر نے امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رہبرِ معظم سے دوبارہ ملاقات ہوئی ہے، 1 ماہ قبل ہونے والی 1 ملاقات 7 گھنٹے تک جاری رہی تھی۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہم نے جنگ کا انتخاب نہیں کیا، جنگ ہم پر مسلط کی گئی، ہم جنگ نہیں، امن کے خواہاں ہیں۔

مسعود پزشکیان کا کہنا ہے کہ ہم یہ جانتے ہیں کہ اگر ہم پر حملہ ہوا تو ہمیں اپنا دفاع کرنا ہو گا، اپنے دفاع کے لیے مضبوطی سے کھڑے رہیں گے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ یہ نہیں چاہتے کہ معاملات امریکی وسط مدتی انتخابات تک لٹکے رہیں، ہم چاہتے ہیں کہ امریکی مڈ ٹرم الیکشنز سے پہلے ہی معاہدے پر واپس آ جائیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو یہ فیصلہ کرنا ہو گا کہ آیا وہ اس تنازع کو ختم کرنا چاہتا ہے یا نہیں، ایران دہشت گرد ملک نہیں بلکہ وہ خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، ہم 60 فیصد تک افزوہ یورینیئم کو واپس نارمل سطح تک لانے پر تیار ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امریکی معاشی پابندیوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹرمپ اور ان کے خاندان کے قتل کی سازش کی بات افواہ ہے، اس میں صداقت نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید