لاہور میں محفوظ بسنت 12، 13 اور 14 مارچ 2027ء کو منائی جائے گی، جبکہ مقررہ تاریخوں سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔
سیکریٹری داخلہ احمد جاوید کی زیرِ صدارت اجلاس میں بسنت سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
سیکریٹری داخلہ کے مطابق بسنت سے قبل 20 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلوں پر حفاظتی راڈز مفت لگائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مقررہ تاریخوں سے قبل اور بعد میں پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
سیکرٹری داخلہ کے مطابق لاہور میں کسی بھی غیر محفوظ چھت پر پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی، 31 دسمبر 2026ء سے قبل چھتوں پر کم از کم ساڑھے 3 فٹ اونچی حفاظتی دیوار تعمیر کرنا لازمی ہوگا، جبکہ اجازت یافتہ مقامات پر چھتوں کی مرمت بھی مقررہ تاریخ تک مکمل کرنا ہوگی۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی ہے کہ پرانی عمارتوں اور گھروں کی چھتوں کا مکمل معائنہ کرایا جائے، معائنہ رپورٹ غیر تسلی بخش ہونے کی صورت میں کمزور عمارتوں پر پتنگ بازی پر پابندی عائد کی جائے۔
سیکریٹری داخلہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے لیے استعمال ہونے والی چھت کی مضبوطی اور پائیداری کی ذمے داری مالک مکان پر ہو گی، چھت کے قریب بجلی کے تار ہونے کی صورت میں عمارت کے مالکان انہیں محفوظ بنانے کے پابند ہوں گے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈپٹی کمشنر پتنگوں اور ڈور کی تیاری، ترسیل اور فروخت کی مقررہ حدود کے مطابق نگرانی کریں۔