• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حنا جاوید قتل کیس: شریک ملزم کی ضمانت کیلئے 2 وکلاء کی درخواست پر عدالت برہم

راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس میں شریک ملزم ذیشان ارشد کی ضمانت کی ایک درخواست عدالت نے خارج کردی جبکہ دوسری درخواست وکیل صفائی نے مقدمے کا ریکارڈ دستیاب نہ ہونے کے باعث واپس لے لی۔

ایک ہی ملزم کی جانب سے دو الگ الگ وکلا کی درخواست ضمانتیں دائر کرنے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا، عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

سول جج عاصم ممتاز نے ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت 2 وکلا نے ذیشان ارشد کا وکیل ہونے کا دعویٰ کیا۔

عدالت نے ملزم سے استفسار کیا تو ذیشان ارشد نے جنید حسن تاجرا ایڈووکیٹ کو اپنا وکیل قرار دیا اور حمزہ عباسی ایڈووکیٹ کے ذریعے دائر درخواست سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

عدالت نے حمزہ عباسی کے ذریعے دائر ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

دوسری درخواست پر پراسیکیوشن نے عدالت کو بتایا کہ پنجاب حکومت کی تشکیل کردہ ہائی پاورڈ تحقیقاتی کمیٹی حنا جاوید قتل کیس کی تحقیقات کر رہی ہے اور مقدمے کا ریکارڈ کمیٹی کے پاس ہے، پولیس کے پاس فی الوقت کوئی ریکارڈ موجود نہیں، ریکارڈ کی عدم دستیابی پر ذیشان ارشد کے وکیل جنید حسن تاجرا نے ضمانت درخواست واپس لے لی۔

عدالت نے حنا جاوید قتل کیس کی مزید سماعت 14 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔

قومی خبریں سے مزید