وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) سربراہی اجلاس کے لیے 45 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ایس سی او سربراہی اجلاس اگست یا ستمبر 2027ء میں اسلام آباد میں ہوگا، یہ بین الاقوامی سطح کا انتہائی اہم اور باوقار اجلاس ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ایس سی او سربراہی اجلاس 1973ء کے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) اجلاس کے بعد پاکستان کا اہم ترین اعلیٰ سطح کا اجتماعی ہوگا۔
ایس سی او اجلاس کی اہمیت کو کم یا سیاسی معاملہ نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ یہ پاکستان کا عالمی برادری میں مقام اور وقار بلند کرنے کا موقع ہے، اس اجلاس کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہونا قابل فخر ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق ایس سی او اجلاس میں سربراہان مملکت، حکومت اور عالمی تنظیموں کے اعلیٰ سطح وفود شریک ہوں گے، جن کے محفوظ اور قابل اعتماد سفر کےلیے بلٹ پروف گاڑیاں ضروری ہیں۔
سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر اعلیٰ سطح سیکیورٹی انتظامات ناگزیر ہیں، کابینہ ڈویژن کے پاس دستیاب جدید ترین بلٹ پروف گاڑیاں 2016ء ماڈلز کی ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق 2016 ماڈلز کی بلٹ پروف گاڑیاں ایس سی او اجلاس کےلیے درکار معیار پر پوری نہیں اترتیں۔ 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کا فیصلہ مختلف فورمز پر غور کے بعد کیا گیا۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق 45 بلٹ پروف گاڑیوں کی تعداد کم سے کم ضرورت کے مطابق مقرر کی گئی، اجلاس کے لیے تقریباً 300 گاڑیاں پر حاصل کی جائیں گی۔