• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس کا قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں کے اجلاس میں شرکت کا اعلان

قاہرہ میں فلسطینی تنظیم فتح کی مرکزی کمیٹی کے وفد نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی سے ملاقات کی۔ فوٹو: وفا نیوز
قاہرہ میں فلسطینی تنظیم فتح کی مرکزی کمیٹی کے وفد نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی سے ملاقات کی۔ فوٹو: وفا نیوز 

فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں کے اجلاس میں شرکت  کرنے کا اعلان کردیا۔

حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وفد کی سربراہی مغربی کنارے میں رہنما ظہور جبرین کر رہے ہیں، حماس کا وفد دیگر فلسطینی دھڑوں کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔

دوسری جانب مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں فلسطینی تنظیم فتح کی مرکزی کمیٹی کے وفد نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی سے ملاقات کی، جس میں فلسطینی عوام کی مشکلات کے خاتمے، غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے اور فلسطینی مسئلے سے متعلق تازہ سیاسی و قومی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں غزہ میں انسانی صورتحال بہتر بنانے، انسانی امداد کی رسائی یقینی بنانے، جنگ بندی کو مستحکم کرنے اور غزہ کی تعمیر نو کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔

فریقین نے عالمی سطح پر تسلیم شدہ قراردادوں کی بنیاد پر سیاسی عمل آگے بڑھانے، اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں پر بھی بات کی۔

ملاقات میں فلسطینی انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وفد نے جمہوری عمل کی حمایت اور فلسطینی سیاسی نظام کے اتحاد کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

مغربی کنارے، بشمول مقبوضہ بیت المقدس، کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی، جہاں آباد کاروں کے حملوں، فلسطینیوں کے خلاف کارروائیوں اور فلسطینی محصولات کی رقم روکے جانے سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نبیل فہمی نے فلسطینی قومی اتحاد اور یکجہتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مسئلے کی بنیادی حیثیت کو برقرار رکھنا اور موجودہ صورتحال میں دو ریاستی حل کی حمایت ضروری ہے۔

نبیل فہمی نے فلسطینی کاز کو عرب لیگ کے لیے مرکزی حیثیت کا حامل قرار دیتے ہوئے فلسطینی عوام کو درپیش انسانی، سیاسی اور سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششوں میں حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید