روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے امریکا سے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایران کو معاونت کی پیش کش کردی۔
ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے روسی ہم منصب ولادیمر پیوٹن سے ٹیلے فون پر رابطہ کیا ہے۔ صدر پیوٹن نے کہا کہ جامع اسٹریٹیجک شراکت داری معاہدے کے تحت تعاون جاری رہے گا۔
روسی صدر پیوٹن نے دشمن کی جارحیت کے خلاف ایرانی قوم کی ثابت قدمی کو تاریخی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ دنیا بھر میں لوگوں کی توجہ کا مرکز ہے۔
ثالث ممالک کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے صدر پیوٹن نے کہا کہ روس بھی معاملے کا سفارتی حل چاہتا ہے اور اس کے لیے کردار اور معاونت کے لیے تیار ہے۔
اس سے پہلے کابینہ سے خطاب میں صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران کو ہر زاویہ سے مکمل جنگ کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لیے مذاکرات کی کوشش کے دوران ایران مزاحمت جاری رکھے گا اور بلآخر دشمن کو مایوسی کا سامنا ہوگا۔
انہوں نے زور دیا کہ داخلی صلاحیتوں پر انحصار کیا جائے اور ایک دوسرے سے تعاون بڑھایا جائے۔