کراچی ( اسٹاف رپورٹر)حکومت کی ترجیحات میں نہ تعلیم شامل ہے نہ صحت،تعلیم و صحت کے لئے مختص پیسہ زیادہ تر کرپشن کی نظر ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلامی جمعیت طلبہ این ای ڈی کے تحت یونیورسٹی میں داخلے کے خواہش مند طلبہ و طالبا ت کے لئے خو د تشخیصی امتحان کے انعقاد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے جمعیت کی جانب سے ٹیسٹ کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہاکہ میں جمعیت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ حصول تعلیم میں آسانی دینے کے لئے امتحان منعقد کیا۔جمعیت کا مقصد طلباء کی خدمت اور رہنمائی ہے جمعیت نے ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے ذریعے طلباء کا تعلیم سے رشتہ جوڑنے کی کوشش کی ہے ۔پاکستان بہت بڑا ملک ہے ،تعلیم کے لئے مختص2فیصدبجٹ بھی تعلیم پر خرچ نہیںہوتا جو بجٹ رکھا جاتا ہے وہ اشرافیہ کے تعلیمی اداروں پر خرچ ہوتے ہیں ۔ روشن پاکستان کے لیے ضروری ہے کہ تعلیم کا بجٹ 5 فیصد کیا جائے ہم تعلیم کا بجٹ بڑھائے بغیر ترقی نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ دنیا چاند اور مریخ پر پہنچ رہی ہے ہم کچرا صاف کرنے کی باتیں کررہے ہیںجماعت اسلامی کا پوری قوم کیساتھ وعدہ ہے کہ ہم تعلیم کومفت کریں گے، وعدہ کرتا ہوں جب تک نوجوان کو اسکی تعلیمی قابلیت پر نوکری نہیں ملتی ہم اسے بیروزگاری الاؤنس دینگے۔