بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے مشہور شخصیات کی نامناسب زاویوں سے تصاویر بنانے اور لڑکیوں کو بے آرامی میں مبتلا کرنے پر پاپارازی فوٹوگرافرز اور معاوضے کے عوض چلائی جانے والی پی آر مہم پر تنقید کی ہے۔
سلمان خان اپنے دوٹوک انداز کے لیے مشہور ہیں اور حال ہی میں ریئلٹی شو بگ باس میں بھی ان کا سخت مؤقف سامنے آیا۔
اداکار نے کرن جوہر کے ٹاک شو ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں شرکت کے دوران مشہور شخصیات کی نامناسب تصاویر بنانے والے فوٹوگرافرز پر اپنے اعتراضات کی وضاحت کی۔
سلمان خان کا کہنا ہے کہ پی آر مہم کے آغاز کے بعد بعض لوگ اپنی تصاویر منظرِ عام پر لانے کے لیے فوٹو گرافرز کو معاوضہ دیتے ہیں، جسے ایئر پورٹ لُک سمیت مختلف نام دیے جاتے ہیں۔
60 سالہ اداکار نے واضح کیا ہے کہ مجھے ان لوگوں پر اعتراض نہیں جو خود اپنی تصاویر بنوانے کے لیے ایسا کرتے ہیں، بلکہ میں ان افراد کی بات کر رہا ہوں جو اس کی اجازت نہیں دیتے۔
ان کا کہنا ہے کہ تصاویر بعض اوقات انتہائی نامناسب زاویوں سے بنائی جاتی ہیں، جس سے لڑکیاں بے آرامی محسوس کرتی ہیں۔
فلم ’وانٹڈ‘ کے اداکار نے موبائل فون میں کیمرے کی سہولت متعارف کرانے والے شخص سے ملنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہر شخص کے پاس کیمرے والا فون موجود ہے اور دوسروں کی نجی زندگی متاثر ہونے کے باوجود تصاویر بنانے کی یہ سہولت مجھے ہمیشہ پریشان کرتی رہی ہے۔