• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عصرِ حاضر میں انٹرنیٹ ایک ناگزیر بنیادی ضرورت کی حیثیت اختیار کرچُکا ہے۔ اس ڈیجیٹل انقلاب نے معلومات تک تیز ترین رسائی، آن لائن تعلیم، ای کامرس اور عالمی رابطوں کے روایتی نظام کو یک سر بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس سے نہ صرف زندگی کے معمولات انتہائی تیز اور موثر ہوگئے ہیں، بلکہ سوشل میڈیا ایپس، ای میلز، ویڈیو کالنگ، انسٹنٹ میسجنگ اور واٹس ایپ کے ذریعے دنیا کے کسی بھی کونے میں لمحوں میں پیغام رسانی ممکن ہو گئی ہے۔ طلبہ اور محقّقین گھر بیٹھے آن لائن لائبریریز، ڈیجیٹل کورسز اور معلوماتی ویب سائٹس سے استفادہ کر رہے ہیں۔

نیز،انٹرنیٹ نے ای کامرس، آن لائن بینکنگ اور فری لانسنگ کے ذریعے روزگار اور تجارت کے نئے مواقع بھی پیدا کیے ہیں۔ ٹیلی میڈیسن اور آن لائن مشاورت کی بدولت مریض گھر بیٹھے ڈاکٹرز سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں اور اسپتالوں میں ڈیجیٹل ریکارڈ مینجمنٹ ممکن ہو گئی ہے۔ مختصر یہ کہ جدید دَور میں انٹرنیٹ کے بغیر زندگی کا تصوّر ناممکن ہے۔

یہ محض ایک سہولت نہیں، بلکہ آج کی معیشت، تعلیم اور معاشرتی ڈھانچے کی بنیاد بن چکا ہے، تو ایسے میں انٹرنیٹ تک رسائی کا حق اس تصوّر پر مبنی ہے کہ ہر شخص کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہونی چاہیے تاکہ وہ اظہارِ رائے اور آزادیٔ فکر سمیت اپنے دیگر بنیادی انسانی حقوق سے مکمل طور پر استفادہ کر سکے۔

اس نظریے کے مطابق، ریاستوں کی ذمّے داری ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولت وسیع پیمانے پر مساوی اور قابلِ رسائی بنائیں تاکہ معاشرے کے تمام افراد اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ واضح رہے کہ ریاستیں کسی فرد کی انٹرنیٹ تک رسائی پر بلاجواز یا غیر معقول پابندیاں عائد نہیں کر سکتیں، کیوں کہ اس طرح کی پابندیاں بنیادی انسانی حقوق کے استعمال میں رکاوٹ بن سکتی ہیں۔

انٹرنیٹ تک رسائی ایسی سہولت یا خدمت ہے، جو کسی کمپیوٹر، کمپیوٹر نیٹ ورک یا دیگر نیٹ ورک ڈیوائسز کو انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے، تاکہ افراد یا ادارے ای میل، ورلڈ وائڈ ویب (www) اور دیگر آن لائن خدمات یا ایپلی کیشنز استعمال کر سکیں۔ انٹرنیٹ تک رسائی مختلف نیٹ ورکنگ ٹیکنالوجیز کے ذریعے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے اداروں (ISPs) کی عالمی درجہ بندی کے نظام کے تحت تجارتی بنیادوں پر فراہم کی جاتی ہے۔

ریٹیل سطح پر متعدد ادارے، جن میں بلدیاتی اور مقامی سرکاری ادارے بھی شامل ہیں، عام شہریوں کو بلا معاوضہ انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرتے ہیں۔واضح رہے کہ عوام النّاس کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی کی فراہمی کا آغاز1990ء کی دہائی کے اوائل میں ہوا، جب ابتدا میں اسے تجارتی بنیادوں پر متعارف کروایا گیا۔ بعدازاں، ورلڈ وائڈ ویب جیسی مفید آن لائن سروس نے اس کے استعمال کو تیزی سے فروغ دیا۔1995ء کے دوران عالمی آبادی کے محض 0.04فی صد افراد کو انٹرنیٹ کی سہولت میسّر تھی، جن میں سے نصف سے زائد امریکی شہری تھے۔

یہ ڈیجیٹل دَور کا ابتدائی زمانہ تھا، جب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اس نئی ایجاد تک رسائی دنیا کے ترقی یافتہ ترین خطّے ہی تک محدود تھی، جب کہ عام صارفین زیادہ تر ڈائل اَپ (Dial-up) کنکشن کے ذریعے انٹرنیٹ استعمال کرتے تھے۔ اکیسویں صدی کی پہلی دہائی تک ترقی یافتہ ممالک میں بڑی تعداد میں صارفین نے تیز رفتاربراڈ بینڈ (Broadband) ٹیکنالوجی اختیار کی، جس کے نتیجے میں2014ء تک دنیا کی تقریباً41فی صد آبادی انٹرنیٹ سے منسلک ہوئی۔ 

اس عرصے میں براڈ بینڈ دنیا کے بیش تر علاقوں میں بھی عام ہوگیا اور عالمی سطح پر انٹرنیٹ کنیکشن کی اوسط رفتار ایک میگا بائٹ فی سیکنڈ سے تجاوز کر گئی، جس سے آن لائن رابطے، معلومات کے تبادلے اور ڈیجیٹل خدمات کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا۔

اقوام ِمتحدہ کی انسانی حقوق کاؤنسل، انٹرنیٹ تک رسائی کو آزادئ اظہار، آزادئ رائے اور دیگر سماجی و معاشی حقوق کے فروغ کے لیے ایک نہایت اہم محرک قرار دے چکی ہے۔ تاہم، یہ اعلان بڑی حد تک علامتی نوعیت رکھتا ہے۔ ڈیجیٹل عہد کے باوجود، عالمی سطح پر ایسا کوئی مؤثر قانونی فریم ورک موجود نہیں، جو انٹرنیٹ تک رسائی کو ہر شہری کے ایک لازمی اور قابلِ نفاذ حق کے طور پر یقینی بنا سکے، کیوں کہ اس وقت تک انٹرنیٹ تک رسائی کو ایک لازمی اور قابلِ نفاذ حق کے طور پر تسلیم کرنے والا کوئی عالمی سطح کا پابند قانونی فریم ورک موجود نہیں۔

جب کہ اقوامِ متحدہ کا مؤقف ہے کہ آن لائن اور آف لائن انسانی حقوق میں کوئی فرق نہیں ہونا چاہیے۔ اقوام ِمتحدہ کی قراردادیں زیادہ تر اخلاقی اور سیاسی رہنمائی فراہم کرتی ہیں، نہ کہ ایسا بین الاقوامی قانون جو تمام ریاستوں پر لازمی طور پر نافذ ہو۔

اسی وجہ سے مختلف ممالک انٹرنیٹ تک رسائی، بندش، سینسرشپ اور ڈیجیٹل حقوق کےحوالے سے اپنی اپنی قومی پالیسیز اختیار کرتے ہیں۔10 سے 12دسمبر 2003ء تک عالمی ادارہ برائے ٹیلی کمیونیکیشن (ITU) اور اقوام متحدہ کے زیرِ اہتمام سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونے والے ورلڈ سمٹ آن انفارمیشن سوسائٹی (WSIS) کا بنیادی ہدف ڈیجیٹل خلیج کو کم کرنا تھا۔

اس اہم سربراہی اجلاس کا مقصد معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی تک سب کی مساوی رسائی ممکن بنانا اور ایک مستحکم معلوماتی معاشرے کے قیام کے لیے عالمی سطح پر ایک مشترکہ وژن اور جامع لائحہ عمل تشکیل دینا تھا۔

اس اجلاس میں حکومتوں، بین الاقوامی تنظیموں، نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھاکہ معلومات اور مواصلاتی ٹیکنالوجی (ICT) کو انسانی ترقی، غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت، معاشی خوش حالی اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کیا جانا چاہیے۔

حکومتوں، کاروباری اداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد عالمی سربراہی اجلاس کا اعلامیہ اصول (Declaration of Principles) منظور کیا گیا، جس میں اس امَر کی توثیق کی گئی کہ باشعور معاشرہ انسانی حقوق کے تحفّظ، فروغ اور استحکام کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتا ہے۔

سربراہی اجلاس کے اعلامیے کے پہلے اصول میں کہا گیا کہ ’’تعلیم و شعور سے بھرپور معاشرے کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے، جہاں ہر خاص و عام کو حصولِ علم اور فروغِ تعلیم و آگہی کے یک ساں مواقع میسّر ہوں۔ اس عزمِ نو کے تحت، بلاتفریق رنگ و نسل ہر فرد، معاشرے اور قوم کو اپنی پوشیدہ صلاحیتیں اُجاگر کرنے کا موقع ملے گا، جس سے نہ صرف پائے دار ترقی کو فروغ حاصل ہوگا، بلکہ مجموعی معیارِ زندگی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

یہ عزم اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کی بنیاد پر قائم ہے اور انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کا مکمل احترام اور اس کی پاس داری کرتا ہے۔‘‘ جب کہ عالمی سربراہی اجلاس کے اعلامیے کے دوسرے اصول میں ’’علم و شعور سے آراستہ معاشرے‘‘ کی بنیاد کے طور پر اظہارِ رائے کی آزادی کی اہمیت پر خصوصی زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ انسانی حقوق کے عالمی اعلامیے کے آرٹیکل 19کے تحت ہر شخص کو آزادیِ رائے اور آزادیِ اظہار کا حق حاصل ہے، جس میں ہر فرد بلا مداخلت اپنی رائے قائم رکھ سکےاور کسی بھی ذریعے (Media) سے، سرحدوں کی پابندی کے بغیر، معلومات اور خیالات دوسروں تک پہنچائے۔

اس عالمی سربراہی اجلاس کا دوسرا مرحلہ نومبر 2005ء میں تیونس میں منعقد ہوا، جہاں جنیوا میں طے کیے گئے اصولوں اور اہداف پر عمل درآمد کے طریقۂ کار، عالمی انٹرنیٹ گورنینس اور ڈیجیٹل ترقی سے متعلق عملی اقدامات پر مزید اتفاقِ رائے کیا گیا۔

کمیونیکیشن، دراصل ایک بنیادی سماجی عمل، انسان کی بنیادی ضرورت اور تمام سماجی تنظیموں کی بنیاد ہے اور یہی علم و شعور سے آراستہ معاشرے کا مرکزی ستون بھی ہے۔ جب کہ دنیا کے ہر فرد ایسے معاشرے میں شرکت کا مساوی موقع ملنا چاہیے۔اسی عنوان کے تحت30نومبر 2009ء سے 7فروری 2010ء کے دوران بی بی سی ورلڈ سروس کی جانب سے دنیاکے26ممالک کے 27,973بالغ افراد پر مشتمل ایک عالمی سروے کیا گیا، جس میں14,306انٹرنیٹ صارفین بھی شامل تھے۔

سروے کے نتائج سے معلوم ہوا کہ دنیا بھر میں تقریباً ہر پانچ میں سے چار افراد(خواہ وہ انٹرنیٹ استعمال کرتے ہوں یا نہ کرتے ہوں) اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ انٹرنیٹ تک رسائی ایک بنیادی حق ہے۔ بعد ازاں، مئی2011ء کو اقوامِ متحدہ کے اظہارِ رائے اور آزادیٔ اظہار کے فروغ اور تحفّظ سے متعلق خصوصی نمائندے فرینک لا رو (Frank La Rue) نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کاؤنسل کو ایک تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

اس رپورٹ میں تمام افراد کے اس حق سے متعلق اہم رجحانات اور چیلنجز کا جائزہ لیا گیا کہ وہ ہر قسم کے ذرائع ابلاغ کے ذریعے معلومات اور خیالات تلاش کریں، حاصل کریں اور دوسروں تک پہنچائیں۔ رپورٹ میں88 سفارشات پیش کی گئیں، جن کا مقصد آن لائن آزادئ اظہار کے حق کا فروغ اور تحفّظ تھا۔ ان سفارشات میں انٹرنیٹ تک عالمی رسائی یقینی بنانے، آن لائن گم نامی (Online Anonymity) کا احترام ، رازداری اور ذاتی معلومات کے تحفّظ سے متعلق قوانین بنانے اور ہتکِ عزت کو فوج داری جرم کے دائرے سے نکالنے کی سفارشات بھی شامل تھیں۔

فرینک لا رو نے اپنی رپورٹ میں اہم نکات بیان کیےکہ’’ انٹرنیٹ، دیگر تمام ذرائع ابلاغ سے مختلف ہے، کیوں کہ یہ افراد کو قومی سرحدوں سے بالاتر ہو کر نہایت تیزی اور کم لاگت کے ساتھ ہر قسم کی معلومات اور خیالات تلاش کرنے، حاصل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ انٹرنیٹ افراد کی آزادیٔ اظہار سے لطف اندوز ہونے کی صلاحیت کو وسعت دیتا ہے، جب کہ آزادئ اظہار خود دیگر انسانی حقوق کے استعمال کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔

اسی وجہ سے انٹرنیٹ معاشی، سماجی اور سیاسی ترقی کے فروغ اور مجموعی طور پر انسانیت کی پیش رفت میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔اگرچہ ویب سائٹس یا مخصوص مواد بلاک یا فلٹر کرنے سے صارفین کی مخصوص معلومات تک رسائی محدود ہوتی ہے، لیکن بعض ریاستیں اس سے بھی آگے بڑھ کر مکمل طور پر انٹرنیٹ تک رسائی منقطع کر دیتی ہیں۔

لہٰذا انٹرنیٹ تک رسائی مکمل طور پر ختم کرنا، خواہ اس کی کوئی بھی وجہ پیش کی جائے، حتیٰ کہ حقوق ِاملاکِ دانش کے قوانین کی خلاف ورزی ہی کیوں نہ ہو، ایک غیر مناسب اقدام ہے اور بین الاقوامی عہدنامہ برائے شہری و سیاسی حقوق (ICCPR) کے آرٹیکل 19کی شق 3کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

بین الاقوامی عہدنامہ برائے شہری و سیاسی حقوق، اقوامِ متحدہ کا ایک بنیادی اور تاریخی معاہدہ ہے، جس کے تحت رکن ممالک اس بات کے پابند ہیں کہ وہ اپنے دائرۂ اختیار میں افراد کے بنیادی شہری اور سیاسی حقوق کا احترام اور تحفّظ کریں اور اُنہیں مؤثر طور پر نافذ بھی کریں۔

اس عہدنامے میں آزادئ اظہار، آزادی رائے، مذہب اور عقیدے کی آزادی، منصفانہ سماعت اور شفّاف عدالتی کارروائی کا حق،حقِ زندگی، نیز دیگر بنیادی شہری اور سیاسی آزادیوں کی ضمانت دی گئی ہے ۔یہ عہدنامہ 1966ء میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے منظور کیا تھا، جب کہ اس پر عمل درآمد اور اس کی نگرانی اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کمیٹی کرتی ہے۔

اس کے ذریعے رکن ممالک پر یہ قانونی ذمّےداری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہری اور سیاسی حقوق کے تحفّظ کے لیے مؤثر قوانین، پالیسیز اور عملی اقدامات اختیار کریں۔‘‘ فرینک لا رونے تمام ریاستوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سیاسی بے چینی، احتجاج یا ہنگامی حالات کے دوران بھی انٹرنیٹ تک رسائی ہر حال میں برقرار رہے۔ جدید دور میں انٹرنیٹ محض ایک سہولت نہیں، بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی، سماجی مساوات کے قیام اور پائےدار ترقی کے حصول کے لیے ایک ناگزیر ضرورت بن چکا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ عالمی سطح پر انٹرنیٹ تک بلاامتیاز رسائی یقینی بنانا اب ہر ریاست کی اوّلین ترجیح ہونی چاہیے۔ہر ریاست کو چاہیے کہ نجی شعبے، متعلقہ سرکاری اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات سے مشاورت کے ذریعے ایک مؤثر اور قابلِ عمل قومی پالیسی تشکیل دے تاکہ انٹرنیٹ ہر فرد کے لیے وسیع پیمانے پر دست یاب، آسانی سے قابلِ رسائی اور ان کی مالی استطاعت کے مطابق ہو۔

عالمی سطح پر فی الحال ایسا کوئی خطّہ یا ملک موجود نہیں، جہاں کے ہر شہری کو مکمل طور پر مفت انٹرنیٹ کی سہولت میسّر ہو۔ تاہم، جدید دَور کی ضروریات کے پیشِ نظر دنیا بھر کے کئی ممالک نے اسمارٹ سٹیز منصوبوں کے تحت اپنے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کی ہے۔ متعدد ممالک نے اپنے بڑے شہروں کے عوامی چوکوں، ریلوے اسٹیشنز، ایئرپورٹس، سیّاحتی مقامات اور سرکاری دفاتر میں وسیع پبلک وائی فائی نیٹ ورکس قائم کر رکھے ہیں، تاکہ شہریوں اور سیّاحوں کو بلاتعطّل رابطے کی سہولت مل سکے۔

ڈیجیٹل لیڈرانٹرنیٹ کی آزادی اور جدید ڈیجیٹل معاشرے کے نفاذ کی بات کی جائے، تو شمالی یورپ کا مُلک ایسٹونیا (Estonia) دنیا بھر میں نمایاں ترین مقام رکھتا ہے، جس نے اپنے شہریوں کو بے مثال ڈیجیٹل سہولتیں فراہم کر رکھی ہیں۔ یہاں شہروں کی بیش تر سڑکوں، کیفے، چوراہوں اور دیگر عوامی مقامات پر مفت وائی فائی دست یاب ہے۔

سنگاپور میں حکومت کے تعاون سے چلنے والے Wireless@SG پروگرام کے تحت شاپنگ مالز، پارکس ،بس اور میٹرو اسٹیشنز اور دیگر عوامی مقامات پر تیز رفتار مفت انٹرنیٹ فراہم کیا جاتا ہے۔ لیتھوانیا بھی دنیا میں عوامی وائی فائی کی رفتار کے اعتبار سے سرِفہرست ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

اس کے دارالحکومت اور اہم شاہ راہوں سمیت متعدد مقامات پر مفت وائی فائی زونز آسانی سے دست یاب ہیں،جب کہ یورپی یونین نے WiFi4EU منصوبے کے تحت اپنے رکن ممالک، جیسے فرانس، جرمنی اور کروشیا سمیت ہزاروں عوامی مقامات پر مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹس قائم کیے ہیں، تاکہ شہریوں اور سیّاحوں کو بلا معاوضہ انٹرنیٹ تک رسائی حاصل ہو سکے۔

متحدہ عرب امارات میں WiFi UAE جیسے منصوبوں کے ذریعے دبئی مال، بین الاقوامی ہوائی اڈوں، سیّاحتی مقامات، شاپنگ مالز اور دیگر اہم عوامی مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت دست یاب ہے۔ جنوبی کوریا، دنیا کے اُن ممالک میں شامل ہے، جہاں عوامی وائی فائی کی رفتار انتہائی تیز ہے۔ یہاں میٹرو اور بس اسٹیشنز، عجائب گھروں، پارکس اور دیگر مقامات پر مفت انٹرنیٹ آسانی سے دست یاب ہے۔

اگرچہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں صارفین کو بظاہر 'مفت فراہم کی جانے والی عوامی وائی فائی (Public Wi-Fi) کی سہولت درحقیقت مفت نہیں ہوتی، بلکہ اس کے بھاری انفرااسٹرکچر اور آپریشنل اخراجات کا بوجھ بالواسطہ طور پر ٹیکس دہندگان، نجی کمپنیز یا کاروباری اسپانسرز اٹھا رہے ہیں۔ اس کے برعکس، عالمی سطح پر گھریلو براڈ بینڈ اور موبائل ڈیٹا کے حصول کے لیے صارفین کو باقاعدہ ماہانہ فیس یا سبسکرپشن کی صورت براہِ راست قیمت چکانا پڑتی ہے۔

بہرحال، جدید دَور میں انٹرنیٹ کی فراہمی ایک ایسی ناگزیر حقیقت ہے، جس کی قیمت یا تو صارفین نجی طور پر ماہانہ بل کی صُورت میں ادا کرتے ہیں، یا پھر عوامی سہولتوں کی مد میں قومی خزانے اور اشتہاراتی اداروں سے وصول کی جاتی ہے۔ (مضمون نگار، سابق افسرِ تعلقات عامہ، ای او بی آئی، ڈائریکٹر سوشل سیفٹی نیٹ، پاکستان ہیں)

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے مزید
سنڈے میگزین سے مزید