جنوبی افریقا کے جنوب مشرقی ساحل پر تیراکی کے دوران شارک کے حملے میں ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عینی شاہدین اور حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کو یہ حملہ کوگومپو سٹی میں واقع اورینٹ بیچ پر ہوا، جسے پہلے ایسٹ لندن کے نام سے جانا جاتا تھا۔
واقعے کے بعد بلدیاتی حکام نے قریبی ساحل بند کر دیا اور عوام کو پانی میں اترنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 7 بجے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی، جائے وقوع پر 65 سالہ خاتون کی لاش ملی، جس پر زخم موجود تھے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق خاتون باقاعدگی سے تیراکی کرتی تھی اور حملے کے وقت وہ تیراکوں کے ایک گروپ کے ساتھ پانی میں موجود تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا بھر میں شارک کے مہلک حملے نسبتاً کم ہوتے ہیں، تاہم جنوبی افریقا کی طویل ساحلی پٹی پر ماضی میں بھی ایسے جان لیوا واقعات پیش آ چکے ہیں۔