امریکی رکنِ کانگریس جیمی راسکن نے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی کسانوں کی زیتون کی فصل کی کٹائی میں مدد کرنے والے درجنوں امریکی شہریوں کو اسرائیلی فورسز کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں جیمی راسکن نے کہا ہے کہ زیرِ حراست افراد میں ڈیموکریٹک جماعت کے امیدوار بریڈ لینڈر، متان برنر کاڈش اور کم از کم 31 دیگر امریکی شہری بھی شامل ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اب اسرائیلی فوج فلسطینیوں کی زیتون کی فصل کی کٹائی میں مدد کرنے والے رضاکاروں کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔
جیمی راسکن کا اسرائیلی آبادکاروں سے متعلق کہنا ہے کہ غیر قانونی اسرائیلی آباد کار مغربی کنارے میں فلسطینیوں کو مسلسل خوف و ہراس کا نشانہ بنا رہے ہیں، اسرائیلی آبادکاروں کو ان اقدامات کے بہت کم نتائج کا سامنا کرنا پڑتا ہے اس لیے یہ مظالم جاری ہیں۔
جیمی راسکن نے اپنے ایکس پیغام میں گزشتہ ہفتے ایک امریکی صحافی کو زخمی کرنے والے حملے کا بھی حوالہ دیا ہے۔
امریکی رکنِ کانگریس نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت پوری دنیا کی نظریں مغربی کنارے پر جمی ہوئی ہیں۔