مریم نواز صاحبہ سے برے دنوں میں ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے نے سوال کیا تھا۔اگر اختیار آپ کے ہاتھ میں آجائے تو آپ مسلم لیگ میں کیا تبدیلی لیکر آئیں گی۔مریم صاحبہ نے کہا، دائیں بازو کی جماعت ہونے کی وجہ سے مسلم لیگ میں مردوں کا غلبہ ہے۔میری کوشش ہوگی کہ اس جماعت میں خواتین کی شراکت کو بڑھاؤں۔آج جب اختیار انکے ہاتھ میں آیا ہے تو مسلم لیگ میں نسائی رنگ ابھرتا ہوا محسوس بھی ہورہا ہے۔پنجاب کی کابینہ میں خواتین کا کردار نمایاں نظر آرہا ہے۔یہ خواتین با اختیار بھی ہیں اور پر اعتماد بھی۔پاکستان میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے تبدیلی تب تب ہی نظر آئی ہے جب اختیار عورت کے پاس آیا ہے۔خواتین کی خود مختاری سے جڑے سوال کا جواب ہوتا بھی خواتین کے پاس ہے۔بینظیر بھٹو کے ہونے سے خواتین کو فائدہ ہوا اور اب مریم نواز کے ہونے سے انہیں فائدہ ہورہا ہے۔کون تصور کرسکتا تھا کہ پدرسری سماج میں عورت بھی کسی صاحب اختیار کیلئے ریڈ لائن بن سکتی ہے۔مگر ایسا ہوا۔مریم نواز نے عورتوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی اپنی ریڈ لائن قراردیا ہے۔اس سے اچھی بات کیا ہوسکتی۔
مشکل بس ایک ہے۔سنجیدہ اسی کیس کو لیا جاتا ہے جو سوشل میڈیا پر ہائی لائٹ ہوتا ہے۔تھانہ اور کچہری لاتعلق ہوچکے ہیں۔شہری کا آسرا سہارا اب سوشل میڈیا ہی ہے۔کیسز سوشل میڈیا پر درج ہورہے ہیں اور انصاف بھی وہیں سے مل رہا ہے۔کسی کو تھپڑ بھی پڑے تو سیدھا سوشل میڈیا کی طرف بھاگتا ہے۔وہاں آواز اٹھاؤ تو ایف آئی آر بھی درج نہیں کروانی پڑتی۔وقت بچانے کیلئے ایف آئی آر کا متن خود چل کے گھر آجاتا ہے کہ حضور دستخط کر دیجیے۔دستخط ہونے سے بھی پہلے ملزم گرفتار ہوچکا ہوتا ہے۔انصاف کی اتنی تیز فراہمی میں بھاگم بھاگ بہت زیادہ ہوتی ہے۔پکڑم پکڑائی میں ملزم کی پستول اکثر اسی کے نیفے میں چل جاتی ہے۔یا بھاگم بھاگ صورت حال کا فائدہ اٹھاکر ملزم ہاتھ چھڑا کر بھاگ جاتا ہے۔اگلی چیک پوسٹ پر اسکے مسلح ساتھی تیار کھڑے ہوتے ہیں۔فائرنگ کا تبادلہ ہوتا ہے اور ملزم بقلم خود غتربود ہوجاتا ہے۔
حال ہی میں ایسے تین کیسز کو بہت سنجیدگی سے دیکھا گیا ہے۔یہ کیس بھی باقی کیسوں کی طرح سوشل میڈیا پر ہی ہائی لائٹ ہوئے۔ایک کیس تو ملتان کاہے۔ایک شخص نے یتیم بچے پر گاڑی چڑھادی۔وہ شخص اگلے دن پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ایک شخص نے پیٹرول پمپ کے ملازم کو تھپڑ مارا، وزیرا علیٰ صاحبہ نے اس شخص کو موقع فراہم کیا کہ وہ بھی پلٹ کر تھپڑ مار دے۔ایک شخص نے اسکوٹی چلاتی ہوئی ایک لڑکی پر تشدد کیا تو وزیر اعلیٰ صاحبہ نے فوراََاس شخص کو گرفتار کروایا اور لڑکی کو فون کرکے کہا، تم بھی اس شخص پر ویسے ہی تشدد کرسکتی ہو جیسے اس نے تم پر کیا ہے۔لڑکی نے پلٹ کر کہا، میرے لیے یہ احساس ہی کافی ہے کہ انصاف میرے ساتھ کھڑا ہے۔
تکلیف سے گزرنے والا شخص ہر اس ایکشن کو انصاف سمجھتا ہے جس سے اس کے جلتے ابلتے دل کو ٹھنڈک ملتی ہے۔یہ بندو بست مگر عارضی اور انفرادی ہوتا ہے۔سسٹم سزا اور جزا کے لگے بندھے ضابطوں پر چلتا ہے۔وہ فرد بن کر انتقامی کارروائیاں نہیں کرتا۔یہ لمبی بحث ہے۔اس بحث میں پڑے تو میری ٹرین نکل جائیگی۔سیدھی اور سادہ بات یہ ہے کہ سسٹم خراب ہے۔انفرادی سطح پر انصاف فراہم کرنے والے سسٹم کو خود اپنی خرابی کا ذمہ دار قرار دیکر ایک طرف ہونا چاہ رہے ہیں۔دینے والے عارضی حل تو دے رہے ہیں مگر کیا وہ ایسے نظام کی تشکیل کے بارے میں بھی سوچ رہے ہیں جہاں جرائم کے اڈے مستقل بنیادوں پر بند ہوں؟
بات کو آسان کرتے ہیں۔پنجاب میں آئے روز نیفوں میں پستولیں چل رہی ہیں۔لوگ پولیس مقابلوں میں مارے جارہے ہیں۔کیا اعداد و شمار کی بنیاد پر یہ دعویٰ کیا جاسکتا ہے کہ عورتیں اب ہراساں نہیں ہو رہیں۔ہراسانی کا معاملہ کسی وقتی واقعے سے نہیں جڑا ہوا۔یہ پدرسری سوچ سے جڑا ہوا ایک مستقل مسئلہ بھی ہے۔سوال یہ بنتا ہے کہ عورتوں کے زیر اثر چلنے والے صوبے نے پدر سری سوچ کے خاتمے پر کتنا سرمایہ خرچ کیا ہے۔بچے اگر ریڈ لائن ہیں تو جرائم کے ان اڈوں کے خلاف کیا منصوبہ بندی ہے جو بچوں کے استحصال میں ملوث ہیں۔ گلی گلی کھلنے والے یہ یتیم خانے جرائم کے مستقل اڈے ہیں۔ہم اس وقت مظلوم بچے کے ساتھ ہوتے ہیں جب اسکی ذات پر گاڑی چڑھ جاتی ہے۔اس سے پہلے بچوں کی پوری کمیونٹی کے ساتھ ہونیوالی ہر زیادتی میں ہم حصہ دار ہوتے ہیں۔یہ میں اور آپ ہی تو ہیں جنکے عطیات سے یہ اڈے چل رہے ہیں۔ہم مطمئن ہیں کہ چلو وہاں بچوں کو تین وقت کا کھانا تو مل رہا ہے مگر اس بات سے غافل ہیں کہ وہاں بچوں کی شناخت مسخ کی جارہی ہے۔بچے ان یتیم خانوں سے ایسے ہی بھاگنا چاہتے ہیں جیسے ملتان والا بچہ بھاگ رہا تھا۔مگر وہ چنگل میں پھنس چکے ہیں۔یہ بچے بھکاری بن رہے ہیں۔جرائم پیشہ گروہوں کا حصہ بن رہے ہیں۔
بلاشبہ کچھ یتیم خانے اچھے بھی ہیں مگر وہ کچھ ہی ہیں۔اگر کچھ سے زیادہ ہیں تو اس کے متعلق آگاہ کرنا ہی نظام کی ذمہ داری ہے۔جو اچھے ہیں انکو ہر طرح اسکے اعزازات سے نوازا جانا چاہیے۔جو برے ہیں انکے خلاف بے رحم کریک ڈاؤن ہونا چاہیے۔کریک ڈاؤن وہی لوگ کر سکتے ہیں جو بچوں کو اپنی ریڈ لائن قرار دے رہے ہیں۔ہو سکتا ہے شفاف آڈٹ پہلے ہی ہورہا ہو۔اگر ہورہا ہے تو اکیس توپوں کی سلامی ہے۔اگر نہیں، تواس کا مطلب یہ ہے کہ ابھی اس لمحہ موجود میں بھی ہزاروں بچے دماغی اور جسمانی استحصال کا شکار ہو رہے ہیں، مگر ان بیچاروں کی مشکل یہ ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر نہیں آ پا رہے۔آبھی نہیں سکتے۔سوشل میڈیا پر آنے کے لیے کم از کم بھی گاڑی کے نیچے آنا پڑتا ہے۔اگر سی سی ٹی وی کیمرہ نہ لگا ہو تو گاڑی کے نیچے آنے کا بھی تو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔