وفاقی آئینی عدالت نے ایک پولیس افسر کی ترقی سے متعلق فیصلے کی تفصیلی تحریر میں قانونی نکات کا احاطہ کرتے ہوئے قائد اعظم محمد علی جناح کے14۔اپریل1948ء کے پشاور میں سول سروس افسران سے خطاب کا حوالہ دے کر اس تصور کی نشان دہی کی ہے جو برصغیر جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے علیحدہ مملکت کے قیام کے مطالبے اور جدوجہد کا محرک بنا۔ایسے وقت میں، کہ پاکستان میں سول سروس کے ڈھانچے کو ایک آزاد، خود مختاراور نظریاتی مملکت کی ضروریات کے مطابق نئے سرے سے منظم کرنے کی سنجیدہ کوششیں کی جارہی ہیں۔ فاضل جج صاحبان نے ایسے واضح، غیرمتنازع اور قابل فہم راستے کی رہنمائی کی ہے جو بابائے ملت کے تصور کے عین مطابق ہے اور جس پر چل کر ان قباحتوں سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے جو غیر ملکی استعمارنے اپنی نوآبادیاتی استحصالی ضرورتوں کے لئے وضع کی تھیں۔ وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس امین الدین خان اور جسٹس علی باقرنجفی پر مشتمل بنچ کا تفصیلی فیصلہ جسٹس علی باقرنجفی نے لکھا ہے۔ قائد اعظم کے14۔ اپریل1948کے جس خطاب کا حوالہ دیا گیا اس میں واضح ہدایت دی گئی کہ سرکاری افسران کسی سیاسی دباؤ ، سیاسی جماعت یا فرد کے انفرادی اثر میں نہ آئیں۔ان ملازمین کو عوام اور ریاست کے خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض دیانت داری سے انجام دینے چاہئیں۔ اس خطاب کو14فروری1948ء کے سبی(بلوچستان) اور25مارچ1948ء کے چٹا گانگ کے بیورو کریٹ افسروں کے خطاب سے ملاکر دیکھا جائے تو یہ وژن واضح ہے کہ پاکستان کا نظام جمہوری اصولوں کے مطابق چلنا ہے۔ بیوروکریسی یا آمریت یا شخصی حکمرانی کی بنیاد پر نہیں۔ افسران حکمران طبقہ نہیں، ریاست اور عوام کے خادم ہیں اور حکومت جمہوری اصولوں کے مطابق عوام کے سامنے جوابدہ ہے۔ اس وژن کی وفاقی آئینی عدالت کی طرف سے یاددہانی اس بناپر بروقت بھی اور ضروری بھی ہے کہ کسی بھی ریاستی نظام کی بیورو کریسی محض دفتری کام انجام دینے والی مشینری نہیں ہوتی بلکہ اس نظام کے تحفظ اور اس کے مقاصد کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ نظام اگر نوآبادیاتی ہوتو بیوروکریسی کا بنیادی مقصد قابض طاقت کے مفادات کا تحفظ،محکوم آبادی پرگرفت مضبوط رکھنا اور مقامی لوگوں کو اپنے اختیار کا تابع رکھنا ہوتا ہے۔ اس نظام میں عوام کے حقوق اور عزت نفس کی بجائے حاکم کی مرضی اور مفاد کواہمیت حاصل ہوتی ہے۔ نوآبادیاتی طاقت مقبوضہ ملک کی آبادی میں سے بھی ایسے مفاد پرستوں کو چنتی ہے جو ایک طرف اس کے جاسوس اور ایجنٹ کے طور پر کام کریں ، دوسری جناب مقامی لوگوں پر مظالم ڈھاکر ہر لمحہ ان کی عزت نفس کو کچلتے رہیں۔برصغیر میں جرائم پیشہ افراد کو جاگیریں اور دیگر رعایتیں دے کر مقامی آبادی کو مظالم کا نشانہ بنانے سمیت نوآبادیاتی اقتدار کو مستحکم کرنے اور امیروں کو فقیر بنانے کی مثالیں بھی ہیں۔ اس طرح عوام پر گرفت قائم رکھنے کے لئے سرکاری اختیار اور مقامی طاقت کے ڈھانچے ایک دوسرے کا سہارا بنتے تھے۔ برٹش انڈیا کی بیوروکریسی کوعام لوگوں اور سرکاری محکموں کے مقامی عملے پر برٹش افسران کی زبان سے نکلے الفاظ ہی نہیں ان کے خاندانوں کے بچوں تک کی فرمائشوں اور ضد بھی کو سرکاری فرمان کا حصہ سمجھے جانے کی کئی مثالیں سامنے آتی رہی ہیں۔ اس دور کے سرکاری اختیار کی وسعت سمجھانے کے لئے ایک واقعہ بیان کیا جاتا ہے کہ ایک برطانوی افسر کا تقریباً چار سالہ بچہ اپنے والد کےرتبے سے اس قدر مانوس ہوگیا کہ کسی بات پر ضد میں آکر اس نے اسٹیشن کے عملے کو خبردار کیا کہ جب تک وہ اجازت نہیں دے گا ریل گاڑی نہیں چلے گی۔ اس کے حکم پر گاڑی اس وقت تک رکی رہی جب تک اس کی ماں اسے مناکر گاڑی چلنے کی اجازت حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوئی۔ وہی بچہ جب انگلستان گیا اور اس نے وہاں بھی اسی طرح کی بالک ہٹ کا مظاہرہ کرنا چاہا تو کسی نے اس پر توجہ نہ دی اور ریل گاڑی مقررہ وقت پر روانہ ہوگئی ۔ بچے کیلئے یہ حیرانی کی بات تھی کہ وہاں اسکے والد کے رتبے کا وہ اثر کیوں نہ ہوا جو ہندوستان میں تھا۔برطانوی دور میں برصغیر میں جو انتظامی اور تعلیمی نظام قائم کیا گیا، اس کا مقصد صرف دفتری امور چلانا نہیں تھا بلکہ ایسے افراد تیار کرنا بھی تھا جومقامی ہونے کے باوجود برطانوی حکمرانوں کے انداز فکر اور انتظامی تصور کےکئی رنگ میں سر تا پا رنگے ہوئے ہوں۔ فارسی، جو پہلے ہندوستان کی سرکاری زبان تھی، غیر متعلق قرار دی گئی تو علما وفضلا کی ایک بڑی تعداد جاہل قرار پائی ۔ مقامی زبانوں کو حقارت سے دیکھنے اور انگریزی زبان اور کلچر پرناز کرنے والوں کا ایسا طبقہ پیدا ہوا جس نے جاگیرداروں کے ساتھ مل کر ملک کی سیاسی فضا میں اپنے مفاد کے لئے کوئی بھی زہر شامل کرناجائز سمجھ لیا۔ اس قسم کے سیاستداں ابتدا میں قیام پاکستان کی مخالفت کرتےرہے مگر جب پاکستان کا قیام ایک حقیقت بن کر قریب آیا تو راتوں رات چولا بدل کر اپنی دولت، طاقت اور اس وقت تک جاری استعماری دور کے اثرات سے فائدہ اٹھاکر ایسے کھیل میں مصروف ہوگئے جس میں دعویٰ تو پاکستان سے محبت اور ا سکے مفادات کا کیا جاتا تھا مگر اپنے ذاتی،خاندانی، طبقاتی مفادات کیلئے منافقت کے ایسے مظاہر سامنے آتے رہے جنہوں نے قومی مفادات کو نقصان پہنچایا۔ قائد اعظم کی رحلت کے دوبرس بعد راولپنڈی کے جلسہ عام میں قائد ملت لیاقت علی خان کی شہادت کے واقعے، قاتل کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کی پر اسرار واردات،تحقیقات سے اغماض اور بعد ازاں اقتدار کی غلام گردشوں میں سیاست دانوں اور بیوروکریسی کے گٹھ جوڑ کی ہیبت ناک کہانی میں اصلاح احوال کی گنجائش ہی نہیں تھی۔ ان حالات میں کوئی اصلاحات کی بات کرتا تھا تو بعض صاحبان دل قرآن کی وہ آیت دہراتے تھے جس کا مفہوم یہ ہے کہ جب ان سے کہا گیا کہ زمین پر فساد نہ پھیلاؤ توانہوں نے کہا ،ہم تو اصلاح کرنے والے ہیں۔
قصہ مختصر یہ کہ بیوروکریسی اور حکومتی نظام میں اصلاحات کیلئے مختلف حکومتوں نے رپورٹیں تیار کرائیں، بعض تبدیلیاں بھی ہوئیں، مشرف دور میں تیار کی گئی عشرت حسین کمیشن کی تفصیلی سفارشات بھی دھری رہیں مگر کوئی ایسا مستقل نظام سامنے نہ آیا جو حکمرانوں کی تبدیلی کے باوجود اصلاحات کا عمل جاری رکھتا موجودہ حکومت نےبیورو کریسی اصلاحات کابیڑا اٹھاتے ہوئے احسن اقبال کی سرکردگی میں جو کمیٹی قائم کی اس کی سفارشات پر ستمبر2026میں اتفاق رائے کی اطلاع سامنے آچکی ہے۔ اس حوصلہ افزا پیش رفت کے منظر نامے میں یہ سوال نمایاں ہورہا ہے کہ ان سفارشات پر عملدرآمد کب شروع ہوگا اور عوام کواس کے نتائج کب نظر آئیں گے۔ بیوروکریسی کی اصلاح کے لئے سب سے پہلے تقرریوں، تبادلوں اور ترقیوں میں میرٹ یقینی بنانا ہوگا، افسر کی کارکردگی جانچنے کے پیمانے مقرر کرنےہونگے۔ تقرر اورترقی کا فیصلہ قابلیت، دیانت داری ، پیشہ ورانہ مہارت اور عملی نتائج کی بنیاد پر ہونا چاہئے۔ پاکستانی عوام بے چینی سے اس دن کے منتظر ہیں جب انہیں صاف ستھری اور بدعنوانیوں سےپاک سول سروس میسر آئے گی۔ قائد اعظم کے الفاظ میں اس سول سروس کو عوام کا خادم ہونا چاہئے، حکمران نہیں۔