• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امدادی گاڑی پر ڈرون حملے سمیت اسرائیلی کارروائیاں، 9 فلسطینی شہید

کراچی (نیوز ڈیسک) امدادی گاڑی پر ڈرون حملے سمیت اسرائیلی کارروائیاں، 9فلسطینی شہیداور 55زخمی کردئیے گئے۔گاڑی پر حملے میں 3، ایک اور فلسطینی جبلِیہ میں اسرائیلی فائرنگ سے شہید،خان یونس میں سائیکل سوار نوجوان کو نشانہ بنایا گیا ۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکار حملوں میں بھی اضافہ، سردی اور بارشوں سے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں۔عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں اور فائرنگ سے کم از کم 9فلسطینی شہید ہوگئے۔ غزہ شہر کے علاقے تل الہوا میں بے گھر فلسطینیوں کے لیے غذائی امداد لے جانے والی گاڑی کو اسرائیلی ڈرون نے نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔ شمالی غزہ میں جبالیا پناہ گزین کیمپ کے قریب حلاوہ بے گھر افراد کے کیمپ میں اسرائیلی فائرنگ سے ایک فلسطینی بھی شہید ہوگیا۔ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے المواصی میں الیکٹرک سائیکل پر سوار ایک نوجوان کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے تین افراد زخمی ہوئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اکتوبر 2025 میں جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اب تک 1671 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، جبکہ تین سال سے جاری اسرائیلی جنگ میں مجموعی شہادتوں کی تعداد 74 ہزار 736 ہوگئی ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کے حملوں میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ سردی اور بارشوں نے غزہ میں انسانی بحران مزید سنگین کردیا ہے، جبکہ عالمی ادارہ برائے مہاجرت کے مطابق اسرائیلی پابندیوں کے باعث ایک لاکھ سے زائد خیمے غزہ نہیں پہنچائے جاسکے۔ 

اہم خبریں سے مزید