• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج میں آپ سے ہلکی پھلکی باتیں کرنا چاہتا ہوں تاکہ میں پھر سے اپنی جون میں واپس آ سکوں۔ ان ہلکی پھلکی باتوں میں بھی آنکھ والوں کیلئے عبرت کے لاکھوں درس ہیں اور جو عبرت نہ پکڑنا چاہے اُن کا ہاتھ اللہ پکڑے۔

ایک ملک کے صدر صاحب اپنے فیصلے منوانے کیلئے الٹے سیدھے دلائل دیا کرتے تھے ایک دن ان کے مشیر نے آخر ان سے کہہ ہی دیا۔

جناب صدر مملکت: آپ اپنا فیصلہ دیا کریں اس کے حق میں دلائل نہ دیا کریں۔’’کیوں؟‘‘ انہوں نے پوچھا۔’’آپ کا فیصلہ مان لیا جاتا ہے لیکن آپ کے دلائل سن کر سب ہنس دیتے ہیں۔‘‘

لاہور کا ایک شاعر جو ملازمت کی وجہ سے دور کسی شہر میں اکیلا رہتا تھا ایک روز اسے لاہور سے ایک دوست کا خط ملا جس میں اس شاعر کو اطلاع دی گئی تھی کہ تمہاری بیوی ایک ہفتے سے لاپتہ ہے اس شاعر نے فوراً اپنے دوست کو خط کے جواب میں لکھا ’’مجھے واپسی ڈاک اطلاع دو کہ میری بیوی واقعی لاپتا ہو گئی ہے یا تم نے میرا دل خوش کرنےکیلئے لکھ دیا ہے‘‘

لاہور کا ایک ادیب کسی نفسیاتی بیماری میں مبتلا تھا دوستوں کے اصرار پر آخر ایک روز وہ ماہر نفسیات کے پاس پہنچا اور کہا ’’میں نے اتنے گناہ کیے ہیں کہ میرا ضمیر مجھے لعنت ملامت کرتا رہتا ہے میں بہت پریشان ہوں میری مدد کیجئے‘‘ـ ماہر نفسیات نے پوچھا آپ یہ چاہتے ہیں کہ گناہ ترک کرنےکیلئے آپ کی قوت ارادی مضبوط ہو جائے؟ ادیب نے کہا’’نہیں: میں چاہتا ہوں کہ میرا ضمیر کمزور ہو جائے‘‘۔ پاک ٹی ہاؤس میں ایک معروف شاعر بتا رہا تھاـ’’ دوسرے بچے کی پیدائش سے چند روز پہلے میں نے اپنے چھ سالہ بیٹے سے کہاـ گھر میں تمہارا جی بہلانے کیلئے ایک بچہ آنے والا ہے چند روز میں تمہاری ممی ہسپتال جائے گی اور اسے وہاں سے لے آئے گی‘‘بیٹے نے باپ کی صورت دیکھتے ہوئے کہا ’’ممی ٹھیک کہتی ہیں کہ آپ کو بالکل عقل نہیں ہے بچہ تو کئی ماہ سے انکے پیٹ میں پل رہا ہے‘‘ـ

ممبئی کی ایک مشہور ومعروف رائیٹر ڈائریکٹر سے میری ملاقات دہلی میں ہوئی، باتوں باتوں میں اچھے انسان کی تعریف کرتے ہوئے کہنے لگا ’’اس میں دوسری خوبیوں کے علاوہ شرافت بہرحال ہونی چاہیے‘‘۔ اس سلسلے میں اس نے خود اپنی مثال پیش کرتے ہوئے کہا ’’ایک بار ممبئی کے فائیو اسٹار ہوٹل میں اپنے وقتوں کی نمبر ون مشہور معروف ہیروین سے ملنے گیاـ اسے اپنے کمرے میں نہ پا کر میں نے غلطی سے باتھ روم کا دروازہ کھول دیا، میں نے فوراً اسے بتایا کہ میں نے یہ دروازہ غلطی سے کھولا ہے اور چونکہ میں ایک شریف آدمی تھا اسی لیے وہاں پورے دس منٹ تک کھڑا اپنی غلطی کی معافی مانگتا رہا‘‘ـ

کراچی کا ایک شاعر جو اپنی شکل و صورت کے ساتھ ساتھ عجیب و غریب عادتوں کی وجہ سے مشہور ہے ٹی ہاؤس میں مجھے کافی دیر سے اپنی فضول باتوں سے بور کر رہا تھا باتوں کے دوران اپنے خاندانی قصے سناتے ہو اس نے کہا۔

’’کراچی میں خدا نے میری ماں کے ساتھ بڑا عجیب مذاق کیا‘‘۔’’کراچی میں؟‘‘ میں نے بور ہوتے ہوئے کہاـ ’’ہاں کراچی میں‘‘۔ـ ’’میں سمجھتا رہا ہوں کہ تم لاہور میں پیدا ہوئے تھے‘‘ـ

لاہور میں ایک شاعر نے حال ہی میں اپنی سترویں سالگرہ منائی ہے وہ بتا رہا تھا گزشتہ دنوں میرے ایک دوست کی بیوی انتقال کر گئی۔ جنازے کے دن میری بیوی مجھ سے کہنے لگی آپ اپنے دوست کی بیوی کے جنازےکیلئے کیوں نہیں تیار ہو رہے؟ ’’میں نہیں جاؤنگا‘‘ـ میں نے کہاـ ۔’’ارے کیوں؟‘‘میری بیوی نے حیران ہو کر پوچھا ’’وہ آپ کا اتنا گہرا اور پرانا دوست ہے‘‘ ’’کیا یہ اچھا لگتا ہے کہ وہ مجھے چوتھی بیوی کے جنازے پر بلا رہا ہے جبکہ میں اسے ابھی تک ایک بار بھی نہیں بلا سکا‘‘۔

ـ امریکہ سے آئی ہوئی ایک پاکستانی افسانہ نگار خاتون نے ٹی ہاؤس میں کافی کا آرڈر دینے سے پہلے ویٹر الٰہی بخش سے پوچھا۔ کیا یہاں پر کافی اچھی ہوتی ہے؟’ یقیناً محترمہ‘ ویٹر الٰہی بخش نےشیخی بگھارتے ہوئے کہا۔ ’ہماری کافی آپ کے خوابوں کے شہزادے کی طرح عمدہ ہوتی ہے‘ افسانہ نگار خاتون نے چند لمحے غور کیا پھر آہستہ سے بولی ’’میرے لیے چائے لے آؤ!‘‘

حلقہ ارباب ذوق میں لاہور کا ایک نوجوان افسانہ نویس اپنا طویل افسانہ ختم کرنے کے بعد سامعین سے مخاطب ہو کر کہنے لگا ’’حضرات افسانہ سنانے سے پہلے میرا سر سخت درد کر رہا تھا لیکن آپ کی توجہ اور اشتیاق کی وجہ سے اب بالکل ختم ہو گیا ہے‘‘،دوسرے افسانہ نگار نے یہ سن کر کہاـ’’ختم کہاں ہو گیا ہے جناب: آپ کے سر سے ہمارے سروں میں منتقل ہو گیا ہے‘‘ـ

لاہور کے ایک 74سالہ شاعر کے پوتے نے ایک بار حتی الامکان کوشش کی کہ دادا جان کو نمائش دیکھنےکیلئے راضی کر لے مگر وہ نام نہاد شریف آدمی مسلسل انکار کرتا رہا بالآخر پوتے کے دماغ میں ایک ترکیب آئی اس نے کہیں پڑھ رکھا تھا کہ بقول فرائیڈ گہوارے سے لیکر قبر تک ہر شخص جنس مخالف میں دلچسپی لیتا ہے چنانچہ اس نے شاعر سے کہا دادا جان نمائش میں ایک سرکس بھی آیا ہوا ہے اس میں ایک لڑکی صرف اپنے لمبے لمبے بالوں سے لباس کا کام لیتے ہوئے ایک سفید گھوڑے پر سوار ہو کر اسٹیج پر آتی ہے اور گھوڑے پر کبھی لیٹ کر کبھی کھڑی ہو کر اور کبھی بیٹھ کر طرح طرح کے کمالات دکھاتی ہے شاعر نے کہا۔’’توبہ توبہ کیسا خراب زمانہ آ لگا ہے ویسے میں نے پچھلے 20 سال سےسفید گھوڑا نہیں دیکھا میرا خیال ہے اس سفید گھوڑے کو ایک نظر دیکھنے کیلئے میں تمہارے ساتھ نمائش میں چل سکتا ہوں‘‘۔

تازہ ترین