• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی تقسیم کبھی حکومت اور حزبِ اختلاف کے بیچ ہوا کرتی تھی اب یہ لکیر حکومتی صفوں کے بیچ سے بھی گزرنے لگی ہے۔ کاغذوں میں اپوزیشن تحریک انصاف ہے مگر اسپیکر انکی گفتگو ایسے سنتے ہیں جیسے پسماندہ علاقے کے کالج میں طلبہ کی ڈیبیٹ چل رہی ہو۔ تقریر سنی، نمبر دیے اور انعام دیے بغیر آگے بڑھ گئے۔اب حکومت کی اپنی ہی صفوں میں اپوزیشنیں چل پڑی ہے۔ایک ہی وقت میں دو تین طرح کی حکومتیں چل رہی ہیں اور ہر حکومت کے خلاف دو تین اپوزیشنیں اندر سے ہی نکلی ہوئی ہیں۔

موجودہ حکومت کا آغاز ہی ایک اندرونی اپوزیشن سے ہوا تھا۔ اپوزیشن کا یہ کردار پیپلز پارٹی نے سنبھالا تھا۔ سر حکومت میں اور دھڑ اپوزیشن میں تھا۔اب بھی ہے مگر اب مسلم لیگ کا بھی ایک دھڑا اسی کی راہ پر چل نکلا ہے۔یہ منظر شام کی ٹیلی وژن نشستوں میں بھی گہرا ہوتا چلا جارہا ہے۔اب اخبار نویس کو حکومتی موقف جاننا ہو تو حکومت میں ہی موجود چھ مختلف نمائندوں سے رائے پوچھتا ہے۔ہر نمائندے کی رائے اسکے اپنے دھڑے کی رائے ہوتی ہے۔ویسے تو حکومت کا گولا گنڈا بن گیا ہے مگر بنیادی طور پر دو طرح کے لوگ مل کر حکومت چلا رہے ہیں۔ ایک وہ ہیں جن کے پیچھے عوام کا حلقہ ہوتا ہے۔کسی سیاسی جماعت کی نمائندگی ہوتی ہے۔ انکے پاس تھوڑی بہت شرم اور کچھ نہ کچھ حیا ہوتی ہے، کیونکہ انہیں ہر پانچ برس بعد اسی گلی میں لوٹ کر جانا ہوتا ہے جہاں سے ووٹ لیکر آئے ہوتے ہیں۔

دوسرے وہ لوگ ہیں جن کے پاس حلقہ تو کیا شاید شام کو جانے کیلئے گھر بھی نہیں ہوتا۔یہ شناختی کارڈ کے بغیر مارگلہ کے دامن میں اترتے ہیں اور وہیں سے اڑن چھو ہو جاتے ہیں۔

دونوں میں بنیادی فرق جواب دہی کا ہے۔ جوابدہ تو دونوں ہوتے ہیں مگر پہلی قسم کے لوگ کچھ نہ کچھ اپنے حلقے کو بھی جوابدہ ہوتے ہیں اور دوسری قسم کے لوگ کم از کم حلقے کو جوابدہ نہیں ہوتے۔ پرانی تہذیب میں عوامی لوگوں کو اتنی گنجائش دیدی جاتی تھی کہ ووٹروں کو بھی دو چار باتوں کا جواب دے لیں۔نئی تہذیب میں کہا جاتا ہے کہ یہ عوامی چونچلے نہیں چلیں گے، ان میں بہت وقت ضائع ہوتا ہے۔ عوامی حلقے رکھنے والوں کو سمجھایا جا رہا ہے کہ دیکھو، یہ حلقے یہ ووٹ یہ جماعتیں اور یہ عوام سب یہیں رہ جائیں گے۔ آگے صرف اعمال کام آئیں گے۔ قبولیت چاہئے تو اعمال سدھارو۔جسے یہ بات سمجھ آ گئی ہے اس نے اپنے اعمال درست کر کے عاقبت سنوارلی ہے۔ جسے سمجھ نہیں آ رہی وہ حزب ااقتدار میں ہوتے ہوئے بھی حزب اختلاف والے جھولے جھول رہا ہے۔

صرف مسلم لیگ کی بات کی جائے تو اس وقت تین طرح کے لوگ اس صف میں پائے جا رہے ہیں۔پہلے وہ جو اپنی لکیر پر کھڑے ہیں اور غیر سیاسی دوستوں کی خاطر اسے پار کرنے کو تیار نہیں ہیں۔ رانا ثناءاللہ انہی میں سے ہیں۔ غیر عوامی وزیر صوبوں کی بات چھیڑتے ہیں تو رانا صاحب جواب دینے آ جاتے ہیں۔غیر عوامی لوگ مولانا فضل الرحمن کی پگڑی اچھالتے ہیں تو رانا صاحب جونٹی رہوڈز والی چھلانگ مار کر پگڑی کو زمین پر لگنے سے بچا لیتے ہیں۔اپنی ہی صفوں سے اٹھنے والی صوبوں کی بحث پر بھی وہ برا مان گئے تھے۔شام کے پروگراموں میں تو اب وہ باقاعدہ اپوزیشن لیڈر معلوم ہونے لگے ہیں۔ دوسرے وہ ہیں جو اپنی لکیر عبور کر کے دوسری صف میں جا کھڑے ہوئے ہیں۔ایک سینئروزیر صاحب انہی میں سے ہیں۔ ووٹ انہوں نے پنجاب کے سرحدی شہر کی گلیوں سے لیا ہے مگر بات اس گلی کی کر رہے ہیں جہاں سے میر بھی ایسے اٹھے تھے جیسے کوئی جہاں سے اٹھتا ہے۔ تیسرے وہ ہیں جو دونوں لکیروں کا مزہ لے رہے ہیں۔ ان میں نمایاں پختونخوا میں ن لیگ کے اہم ترین منتخب لیڈر ہیں۔

کام کے لوگ کون ہیں۔ کابینہ میں موجود وہی لوگ کام کے ہیں جو معاملے کو سیاسی عدسہ لگا کر دیکھ رہے ہیں۔ وہ اپوزیشن میں بھی ان لوگوں کیلئے احترام رکھتے ہیں جو بات چیت پر یقین رکھتے ہیں۔ ایسا ہونا بھی چاہئے۔ جن کے پاس مسئلوں کا حل ہوتا ہے ان سے لاتعلقی نہیں کرتے۔ چار مختلف شہروں کو ملانے والی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی نہیں کرتے۔ جنکی گلیاں چوڑی ہوں ان کے ساتھ مشاورت اور تعاون کے دائرے کو پھیلایا جاتا ہے۔ خدا جانے ایسا کیا ہوا ہے کہ لوگ انہی سے کترا رہے ہیں جن کے پاس انگیج منٹ کی چابی ہوتی ہے۔لوگوں کو انہی کی نظر میں نیچا دکھایا جارہا ہے جن کو انہوں نے کہا ہوتا ہے، تھوڑا سا رک جائو میں سنبھال لوں گا۔ سنبھالنے والوں کو زندگی ایسے آزماتی ہے کہ وہ خود بھی سرخ حاشیے کے آس پاس منڈلاتے ہوئے نظر آرہے ہوتے ہیں۔ بیرسٹر گوہر کا فائدہ اٹھانا چاہئے تھا۔ وہ دائرے میں رہ کر بہترین لہجے میں بات کرتے ہیں۔بات دو ٹوک ہوتی ہے مگر اس میں ہیجان نہیں ہوتا۔جذبات کا سہارا تبھی لیتے ہیں جب ضرورت ہوتی ہے۔ مولانا کا معاملہ بھی یہی ہے۔نوابزادہ نصراللہ خان کے بعد ایک وہی رہ گئے تھے جو بیک وقت چھ فریقوں کے بیچ پل بن سکتے تھے۔پختونخوا میں جو ہو رہا ہے اور پڑوس میں جو چل رہا ہے اسمیں انکی اہمیت کا اعتراف ہونا چاہئے تھا۔ الٹا ساری توانائی انہیں غیر متعلق بنانے پر لگا دی گئی ہے۔ ہم دنیا بھر میں چھوٹے بڑے ہاتھیوں کے بیچ ثالثیاں کروا رہے ہیں مگر ہمارے اپنے پل جل رہے ہیں۔ کیسی بدقسمتی ہے۔

ہر وہ خانہ بہت تیزی سے مٹ رہا ہے جس میں گنجائش والی کوئی بات ہو۔ایسا اب ہر سطح پر ہو رہا ہے۔ ایک چیز اور دیکھنے میں آئی ہے جو عجیب سی ہے۔جس کا حرف نرم ہے، زندگی اسکو دو آپشن دے رہی ہے۔حرف میں تپش پیدا کرو تاکہ پکڑائی دو۔ یا کسب سمیٹو اور گھر جائو۔ جنہیں سرخ حاشیے کسی صورت نہیں پسند وہ اپنا کسب سمیٹ کر گھر بیٹھ رہے ہیں۔ اپنے PIPS والے عامر رانا کا پتہ چلا ہوگا۔اپنے ہی ادارے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

تازہ ترین