• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی انتخابات: ڈیموکریٹس کا کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کلین سوئپ، ٹرمپ کی پالیسیوں کو دھچکا

امریکی وسط مدتی انتخابات کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس نے دونوں ایوانوں کا کنٹرول حاصل کر لیا۔

امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں میں اکثریت حاصل کرلی، جسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی ایجنڈے کے خلاف عوامی ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔

ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس نے سینیٹ کی 7 نشستیں ری پبلکنز سے چھین لیں، جبکہ ری پبلکن اکثریتی ریاستوں الاسکا اور مسیسیپی میں دو نشستوں پر مقابلے کا حتمی نتیجہ ابھی سامنے نہیں آیا تھا۔

اس کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس کو کانگریس کے دونوں ایوانوں میں قانون سازی، حکومتی اخراجات اور ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی نگرانی کے حوالے سے اہم اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔

سینیٹ میں 100 میں سے 35 سیٹوں پر الیکشن ہوئے، اب تک کی 33 نشستوں کے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کو 7 اضافی نشستیں ملیں، ریپبلکنز نے 7 نشستیں کھو دیں، ڈیموکریٹس کو 54 سیٹوں کی اکثریت حاصل ہوگئی اور ریپبلکنز کی نشستیں کم ہو کر 44 رہ گئیں۔

ایوانِ نمائندگان کی تمام 435 نشستوں پر الیکشن ہوئے جن میں سے 367 کے نتائج آگئے ہیں،ابتدائی نتائج کے مطابق ڈیموکریٹس کو 27 اضافی نشستیں ملیں، ریپبلکنز نے 27 نشستیں کھو دیں، ایوانِ نمائندگان میں ڈیموکریٹس کو 231 نشستوں کی اکثریت مل گئی ہے، ریپبلکنز کی نشستیں کم ہو کر 139 ہوگئی ہیں۔




435 رکنی ایوان نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے کسی بھی جماعت کو 218 نشستوں پر کامیابی درکار ہوتی ہے جبکہ امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت کے لیے 100میں سے 51 نشستیں درکار ہیں۔

شمالی کیرولائنا میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ کی نشست ریپبلکن سے چھین لی، ڈیموکریٹ ’رائے کوپر‘ نے ریپبلکن ’مائیکل واٹلی‘ کو ہرا دیا۔ ریاست جارجیا سے ڈیموکریٹ رہنما ’جون اوسوف‘  دوبارہ سینیٹر منتخب ہو گئے۔


امریکا کے وسط مدتی انتخابات میں 3 امریکی خلاء بازوں نے خلاء سے ووٹ کاسٹ کیا۔

لیوک، انیل اور جیسیکا نے ناسا کے خلائی اسٹیشن سے الیکٹرونک ووٹ ہیوسٹن خلائی مرکز کو بھیجا۔

امریکی ریاست ورمونٹ میں مقامی وقت کے مطابق پولنگ کا آغاز صبح 5 بجے ہوا جبکہ دیگر ریاستوں نیو ہیمپشائر، نیو جرسی، نیویارک اور ورجینیا میں پولنگ مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے شروع ہوئی۔

ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے سینیٹ کی نشست پر مائک راجرز کو ہرا دیا

مشی گن میں سینیٹ کی نشست پر ڈیموکریٹ امیدوار عبدل السید نے مائک راجرز کو شکست دے دی۔

عبدل السید نے کہا ہے کہ اپنی کامیابی عوام کے نام کرتا ہوں، یہ مزدوروں کی نہیں میری جنگ ہے، امریکا کی ترقی کے لیے کام کروں گا۔

امریکا: الینوائے میں مسلم امیدوار نبیلہ سید رکنِ سینیٹ منتخب

امریکی ریاست الینوائے میں ڈیموکریٹ امیدوار نبیلہ سید نے ری پبلکن نشست جیت کر ریاستی سینیٹ کی رکن منتخب ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق نبیلہ سید نے ری پبلکن امیدوار ڈاربی ہلز کو شکست دی، نبیلہ سید کو 57 فیصد جبکہ ڈاربی ہلز کو 43 فیصد ووٹ ملے۔

امریکی مڈٹرم انتخابات: سابق سینیٹر لنزے گراہم کی بہن کو شکست

امریکی مڈٹرم انتخابات میں سابق سینیٹر لنزے گراہم کی بہن کو شکست ہو گئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق ساؤتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹ امیدوار اینی اینڈریوز نے تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔

ریپبلکنز کے کامیاب نہ ہونے کی ایک وجہ ایران تنازع تھی: امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں ایران تنازع کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریپبلکنز کے کامیاب نہ ہونے کی ایک وجہ ایران تنازع تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ لوگ شاید پیٹرول کی قیمت کی صورت میں سامنے آنے والے قلیل مدتی نتائج بھگتنے کے لیے تیار نہیں تھے۔

ٹیکساس میں 30 سال بعد ڈیموکریٹس کی حکومت پھر سے آ گئی

امریکا کی ریاست ٹیکساس میں لاطینو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار جینا ہینو ہوزا گورنر کا انتخاب جیت گئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس میں 30 سال بعد ڈیموکریٹس کی حکومت پھر سے آ گئی۔ ٹیکساس کے گورنر نے بھی شکست تسلیم کر لی۔

امریکی مڈ ٹرم الیکشن: الہان عمر پانچویں بار رکنِ کانگریس منتخب

امریکی وسط مدتی انتخابات میں الہان عمر مینیسوٹا سے پانچویں بار کانگریس کی رکن منتخب ہو گئیں۔

امریکی میڈیا کے مرتب کردہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق امریکی ریاست مینیسوٹا کے پانچویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹ رکنِ کانگریس الہان عمر نے کامیابی حاصل کر لی۔

امریکی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون کیشا لانس باٹمز گورنر منتخب

امریکا کی تاریخ میں پہلی بار سیاہ فام خاتون کیشا لانس باٹمز گورنر منتخب ہو گئیں۔

جارجیا میں ڈیموکریٹس نے گورنر کی سیٹ ری پبلکنز سے چھین لی۔ کیشا لانس باٹمز نے ریپبلکن رک جینسن کو شکست دے دی۔

بائرن ڈونلڈز ریاست فلوریڈا کے پہلے سیاہ فام گورنر منتخب

امریکی سیاسی جماعت ریپبلکن سے تعلق رکھنے والے رکنِ کانگریس بائرن ڈونلڈز فلوریڈا کے گورنر منتخب ہو گئے، وہ ریاست کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام گورنر بن گئے۔

سخت مقابلے پر مشتمل اس انتخابی دوڑ کا اختتام بائرن ڈونلڈز کی کامیابی پر ہوا، جنہوں نے ڈیموکریٹک امیدوار ڈیوڈ جولی کو شکست دی۔

نیو جرسی سے ڈاکٹر آدم حموی پہلے مسلم رکنِ کانگریس منتخب

غزہ میں زخمی فلسطینیوں کاعلاج کرنے والے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم حموی نیو جرسی سے رکنِ کانگریس منتخب ہو گئے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ایوان نمائندگان کے رکن منتخب ہونے والے آدم حموی نے اسرائیل کو امریکی فوجی امداد بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید