وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے پاس ہر وہ سہولت ہے جو کسی کھرب پتی کے پاس ہوتی ہے، تجاوزات سے متعلق نوٹس کا تعلق مولانا فضل الرحمان کی سیاست سے نہیں ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزاہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے رانا ثنا اللہ کا بیان ان کی ذاتی رائے ہوسکتا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ کے پاس چند نوجوان ہیں تو آپ ریاست کو للکاریں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف ڈیڑھ سال سے کارروائی جاری ہے، ہم نے سب سے پہلے پوش علاقوں میں تجاوزات ختم کرنا شروع کیں، مولانا کے گھر کے قریب ہر دوسرے گھر سے تجاوزات ختم کی گئیں۔
وزیر مملکت برائے داخلہ نے مزید کہا کہ تجاوزات سے متعلق نوٹس کا مولانا فضل الرحمان کی سیاست سے تعلق نہیں، تجاوزات کا دفاع اور اس کو سیاست کی نذر کرکے مولانا نے زیادتی کی۔