پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا موضوع ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کیلئے بعض اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ صوبائی حکومت نے اس ضمن میں مزید وقت کی ضرورت ظاہر کی ہے۔ اس تناظر میں بلدیاتی نظام کی اہمیت اور اسکے بروقت قیام کی گفتگو بے محل نہیں۔ جمہوری نظام میں مقامی حکومتوں کو عوامی مسائل حل کرنے اور فیصلہ سازی میں شریک کرنیکی بنیادی اکائی کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔’ صاحبان دانش بار بار یہ یاددہانی کراتے رہے ہیں کہ جمہوریت کی نرسری کہلانے والے اس نظام کو ہمیشہ شاداب رہنا چاہئے۔ انتخابات کے انعقاد میں شیڈول سے ہٹ کر طویل وقفوں اور اداروں کے عدم تسلسل سے یہ شادابی متاثر ہوتی ہے۔ جمہوری نظام کی جڑیں مضبوط رکھنے اور صوبائی ووفاقی سطح تک تازہ دم اور نئی سوچ کی حامل قیادت کے پہنچنے کا راستہ کھلا رکھنے کا بھی یہی ایک فطری اور قابل عمل طریقہ ہے۔ ہمارے معاشرتی نظام میں مقامی اجتماع اور باہمی مشاورت کی عرصہ دراز سے موجودگی کی مثال گاؤں کی چوپال، بیٹھک اور محلوں کی وہ مجلسیں ہیں جن میں قصہ کہانی سے لیکر انفرادی واجتماعی مسائل پر گفتگو ہوتی، بزرگوں کی رہنمائی سے استفادہ کیا جاتا اور صلاح مشورے سے مشترکہ فیصلے کئے جاتے رہے ہیں۔ یہ ہماری معاشرتی زندگی کا ایسا حصہ ہے جس میں مقامی سطح پر ذمہ داری اور اجتماعی شرکت کو اہمیت حاصل رہی اور اب بھی اس کے مظاہر کئی مقامات پر نظر آتے ہیں۔ جدید بلدیاتی نظام اسی روایت کو باقاعدہ آئینی وانتظامی شکل دینے کا نام ہے۔دنیا کے بہت سے ملکوں میں مقامی حکومتیں جمہوری نظام کا انتہائی اہم حصہ ہیں۔ ناروے، سویڈن اور فن لینڈ جیسے اسکنڈے نیویائی ملکوں کے علاوہ برطانیہ اور امریکہ میں بھی شہری انتظام کے حوالے سے مقامی حکومتوں کو وسیع ذمہ داریاں اور اختیارات حاصل ہیں۔ پاکستان میں آئین کا آرٹیکل140۔ اے صوبائی حکومتوں کو پابند کرتا ہے کہ وہ منتخب مقامی حکومتوں کو سیاسی، انتظامی اور مالی اختیارات منتقل کریں۔ اس آئینی تقاضے کا مقصد یہی ہے کہ مقامی معاملات کے فیصلے ان لوگوں کے ذریعے ہوں جو متعلقہ علاقے کے مسائل سے براہ راست واقف ہیں۔ عملی صورت مگر یہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں بار بار تاخیر ہوتی رہی ہے۔ اور منتخب اداروں کو بھی اکثر اپنی مدت پوری کرنے اور آزادانہ طور پرکام کرنے کے مواقع نہیں ملتے۔ پنجاب میں آخری بلدیاتی انتخابات2015ء میں ہوئے تھے۔ انکے نتیجے میں قائم ہونیوالے اداروں نے2017ء میں کام شروع کیا اور انکی مدت 31دسمبر 2021ء کو ختم ہوگئی۔ اسکے بعد سے صوبے میں مستقل منتخب بلدیاتی نظام موجود نہیں،اب الیکشن کمیشن کی جانب سے 14دسمبر 2026ء کو الیکشن کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ صوبائی حکومت کی طرف سے اپریل2027ءکی مختلف تاریخیں تجویز کی گئی ہیں۔ انتخابی شیڈول اور پولنگ کے معاملے پراس اختلاف نے ایک بار پھر انتخابات کےانعقاد کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر دیا ہے۔بلدیاتی اداروں کی غیر موجودگی کا سب سے زیادہ نقصان عام شہری کو اٹھانا پڑتا ہے۔ گلیوں کی صفائی، نکاسی آب، پینے کے پانی کی فراہمی، سڑکوں کی مرمت، پارکوں کی دیکھ بھال اور بازاروں کے انتظام جیسے مسائل براہ راست مقامی حکومتوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان معاملات کیلئےشہریوں کودور دراز سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبورکرنے کی بجائے اپنے منتخب نمائندوں تک رسائی حاصل ہونی چاہئے۔
سندھ اور بلوچستان میں بھی اگرچہ بلدیاتی انتخابات کے ضمن میں تعطل کا دور آیا مگر وہاں اس وقت منتخب بلدیاتی ادارے موجود ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بھی انتخابات کا حکم دیاگیا ہے۔ البتہ گورنر راج کے زیرانتظام علاقے کی صورت حال الگ ہے۔ سندھ میں کراچی جیسا شہر بھی موجود ہے جو آبادی اوررقبے کے لحاظ سے کئی ملکوں سے بڑا اور ثقافتی رنگارنگی کا مرقع ہے۔ اسکے مختلف علاقوں کے مسائل کی نوعیت نہ صرف شہری حکومت کے زیادہ اختیارات ووسائل کی متقاضی ہے بلکہ ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کمیٹیوں کی اپنی اپنی جگہ بھی اور مجموعی طور پر بھی زیادہ فعالیت کی طالب محسوس ہوتی ہے۔ حیدرآباد،سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شکارپور،خیر پور، میرپورخاص، نواب شاہ کے حالات بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ مقامی حکومت کا نظام زیادہ متحرک وخود مختار بنایا جائے۔ ہمارے ہاں ایک بڑا مسئلہ اختیارات اور وسائل کی اوپر سے نیچے منتقلی کا کام ہے صوبے مرکزسے اپنی سطح پر اختیارات اور وسائل کی منتقلی کا مطالبہ کرنے میں جس حد تک حق بجانب ہیں، انصاف کا تقاضا ہے کم ازکم اسی حد تک وہ مقامی حکومتوں کی اہمیت کا ادراک کریں، انہیں اپنا تابع مہمل بنانے کی بجائے اختیارات اور وسائل منتقل کریں۔مقامی حکومتوں کی کارکردگی بہترہوگی تو صوبوں کے مجموعی حالات کے بارے میں بہتری کا تاثر اجاگر ہوگا۔صوبوں کے صاحبان اقتدار کواس حقیقت کا ادراک ہونا چاہئے کہ شہری انتظامیہ کو ملنے والا کریڈٹ بھی حقیقی معنوں میں صوبائی حکومت کا کریڈٹ ہے۔ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی دراصل جمہوری نظام کو مضبوط بنانے اور عوام کا اعتماد حاصل کرنیکا ذریعہ ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد اسی اعتبار سے اہم ہے ملکی مفادات اور جمہوری روایت کا استحکام اسی امر میں مضمر ہے کہ انتخابی عمل کو مزید تاخیر کا شکار نہ ہونے دیا جائے اور منتخب اداروں کا ایسے اختیارات کا حامل ہونا یقینی بنایا جائے جن کے ذریعے وہ عوام کی توقعات پرپورے اتر سکیں۔ یوں بلدیاتی سطح کی آزمائشوں اور امتحانات سے کامیابی سے گزرنے والی قیادت کی صورت میں صوبائی سطح اورقومی سطح کو نیا خون ملے گا تو جمہوری اقدار کو روایتی اشرافیہ کے چنگل سے باہر آنے میں مدد ملے گی۔ جمہوریت کی مضبوطی کا آغاز عوام کے دروازےسے ہوتاہے اور بلدیاتی حکومت اسی دروازے سے عام آدمی کی امورمملکت میں شمولیت کا نام ہے۔ اگر چہ ہر دور میں شہری دفاع، اسکاؤٹنگ، گرل گائیڈز، فائر فائٹر رضاکاروں کی اہمیت تسلیم کی جاتی رہی ہے مگر موسمیاتی تبدیلی کی درپیش صورتحال میں وطن عزیز کو جن چیلنجوں کا سامنا ہے، انکے پیش نظر مقامی حکومتوں کا مستقل طور پر متحرک وفعال رہنا ضروری ہے اور انتخابات کا بھی ایسا نظام بنایا جانا چاہئے کہ ایک میعاد پوری کرنیوالے عوامی نمائندوں سے دوسری مدت کیلئے منتخب ہوکر آنیوالے نمائندوں کو ذمہ داریوں کی منتقلی میں وقفہ نہ آئے اور تمام سرگرمیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جاسکیں۔