• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھامس مارکل کی گرفتاری میں سابقہ اہلیہ کا اہم کردار، ایف بی آئی کو شواہد فراہم کرنے میں مدد کا دعویٰ

---فائل فوٹوز
---فائل فوٹوز

امریکی سماجی کارکن اور اداکارہ میگھن مارکل کی والدہ ڈوریا ریگلینڈ نے اپنے سابق شوہر تھامس مارکل سینئر کی گرفتاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

دی نیوز انٹرنیشنل نے اپنی رپورٹ میں برطانوی اخبار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ڈوریا ریگلینڈ نے مبینہ طور پر ایف بی آئی کو تصاویر کے ذریعے تھامس مارکل کی شناخت میں مدد فراہم کی۔

رپورٹس کے مطابق تھامس مارکل کے کیلیفورنیا میں واقع اسٹوریج یونٹ سے متعدد قابلِ اعتراض تصاویر ملی تھیں جن میں سے 2 تصاویر میں تھامس کو ایک کم عمر لڑکی کا استحصال کرتے دیکھا گیا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ یہ تصاویر اس وقت کی ہیں جب تھامس مارکل 30 یا 40 سال کے تھے، یعنی یہ مبینہ واقعات تقریباً 50 سال پرانے ہو سکتے ہیں۔

تھامس مارکل کو گزشتہ ہفتے کم عمر بچوں کی غیر اخلاقی تصاویر رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم چونکہ وہ خود بھی ان تصاویر میں موجود ہیں، اس لیے ان پر بچوں کی قابلِ اعتراض تصاویر بنانے اور اس متنازع مواد کو کسی اور کو منتقل کرنے کے الزامات بھی عائد کیے جا سکتے ہیں۔

کیلیفورنیا کے نائب وفاقی اٹارنی بل ایسیلی کے مطابق یہ معاملہ محض تصاویر رکھنے تک محدود نہیں بلکہ شواہد سے بظاہر یہ بھی ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم خود ان کی تیاری میں ملوث تھا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایک الزام کے تحت گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے، گرینڈ جیوری کے سامنے شواہد پیش کیے جانے کے بعد مزید الزامات عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

بل ایسیلی کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچوں کی تعداد اور ان کی کم عمری کے پیش نظر تھامس مارکل کو مجموعی طور پر 70 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے جس کا مطلب ہے کہ 82 سالہ تھامس مارکل کو باقی ماندہ زندگی جیل میں گزارنی پڑ سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید